اٹک، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد ہوٹل، بیکری، کاروباری مراکز سیل

اتوار 7 جون 2020 19:45

․ اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2020ء) ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر نے کورونا وائرس کے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اپنے دورہ کے دوران فوارہ چوک اٹک میں متعدد ہوٹل، بیکری، میڈیکل سٹور اور دیگر کاروباری مراکز کو سیل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے، ان تجارتی مراکز کو باقاعدہ سیل کر کے ان پر سیل کے مخصوص نشانات والی پلاسٹک کی پٹیاں لگا دی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر اٹک نے اپنے دفتر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اٹک میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد 200 سے تجاوز کر چکی ہے اور اٹک انتہائی خطرناک حالات کی جانب گامزن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ تجارتی مراکز میں کاروبار اور وہاں آنے والے تمام صارفین، تمام ٹرانسپورٹ چلانے اور سفر کرنے والوں کیلئے بھی ماسک کی پابند لازمی قرار دے دی گئی ہے، پہلے مرحلہ میں ماسک حکومت کی جانب سے مفت تقسیم کیے گئے اب دوسرے مرحلہ میں ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف جرمانے کیے جا رہے ہیں اور آئندہ ایف آئی آر بھی درج کی جائے گی تاکہ لوگ ہر صورت ماسک کا استعمال کریں، یہ نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی صحت اور زندگی کیلئے بھی بہت ضروری ہے ہر شخص کا اپنے گھر میں ایک مقام ہے اور بعض افراد گھر کے واحد کفیل بھی ہیں لہٰذا اپنا نہیں تو اپنے گھر والوں کا خیال کرتے ہوئے ماسک، گلوز، سینیٹائزر اور دیگر حکومتی احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھیں۔