ڈاکٹر قادر مگسی کی گھوٹکی، کراچی اور لاڑکانہ میں دھماکوں کے واقعات کی شدید مذمت

سندھ امن پسند خطہ ہے یہاں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، سندھ ہمیشہ محبتوں کاامین رہا ہے،چیئرمین سندھ ترقی پسندپارٹی

ہفتہ 20 جون 2020 00:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2020ء) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے گھوٹکی، کراچی اور لاڑکانہ میں دھماکوں کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ امن پسند خطہ ہے یہاں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، سندھ ہمیشہ محبتوں کاامین رہا ہے، یہاں کے عوام تشدد کی سیاست اور دہشت گردی کی کاروائیوں کی مسترد کرتے ہیں، ایک بیان میں ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ایسی کاروائیوں سے سندھ کے عوام میں خوف و ہراس کی فضاء پیدا کرنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے، سندھ کے عوام دوست اور دشمن کی پہچان رکھتے ہیں اور ایسے کسی بھی کھیل کا حصہ نہیں بنیں گے جس سے سندھ سمیت پاکستان کی سالمیت کے لئے کوئی خطرہ ہو، انہوں نے دھماکے میں شہید رینجرز اہلکاروں کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی، ڈاکٹر قادر مگسی نے مطالبہ کیا کہ ان واقعات کی مکمل تحقیقات کرائی جائے اور ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے۔