گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد کرونا سینٹر میں کرونا سے متاثرہ شخص کی ہلاکت پر لواحقین کا دھاوا

ہفتہ 20 جون 2020 16:34

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2020ء) گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد کرونا سینٹر میں کرونا سے متاثرہ شخص کی ہلاکت پر لواحقین کا دھاوا‘میت کے حصول کیلئے ڈاکٹر پر اسلحہ تان لیا‘تاہم سکیورٹی گارڈ نے شہری کو پکڑ کر اسلحہ چھین کر پولیس کے حوالے کردیا۔

(جاری ہے)

بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ روز شالیمار پارک کا رہائشی 50سالہ محمد اسرار ولد نور محمد جو کہ 4جون کو مشتبہ داخل ہوا تھا اور 10جون کو اس کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا اور گزشتہ روز علاج معالجہ کے دوران زندگی کی بازی ہار گیا تو اس کے لواحقین اور بیٹوں نے ہسپتال کے باہر ہنگامہ کھڑا کردیا لواحقین کا کہنا تھا کہ ان کا والد ٹھیک ٹھاک تھا ہسپتال والوں نے ٹیکہ لگا کر مار دیا اور ڈیڈ باڈی کے حصول کیلئے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر سے تلخ کلامی کرتے ہوئے اس پر اسلحہ تان لیا اور گولی چلانے ہی والا تھا کہ سکیورٹی گارڈ نے مذکورہ نوجوان سے پسٹل چھین لیا اور پولیس کو بلاکر ان کے حوالے کردیا تاہم بعدازاں پکڑے جانے والے نوجوان اور اسکے لواحقین نے منت سماجت کے بعد جان بخشی کروائی۔