متحدہ عرب امارات نے شہریوں اور مقیم افراد کو کورونا سے کم متاثر مملک کیلئے سفر کرنے کی اجازت دیدی

کورونا وبا کی شدت میں کمی کے بعد حکومت نے شہریوں اور مقیم افراد کو کم رسک والے ممالک کیلئے سفر کرنے کی اجازت دیدی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 21 جون 2020 14:44

متحدہ عرب امارات نے شہریوں اور مقیم افراد کو کورونا سے کم متاثر مملک ..
ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جون2020ء) متحدہ عرب امارات نے شہریوں اور مقیم افراد کو کورونا سے کم متاثر مملک کیلئے سفر کرنے کی اجازت دیدی، کورونا وبا کی شدت میں کمی کے بعد حکومت نے شہریوں اور مقیم افراد کو 23جون سے کم رسک والے ممالک کیلئے سفر کرنے کی اجازت دیدی۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات نے پابندیوں میں نرمی لاتے ہوئے اپنے شہریوں اور مقیم افراد کو کم رسک والے ممالک جانے کی اجازت دیدی ہے۔

شہری 23جون سے سن ممالک کیلئے سفر کر سکیں گے۔ ابھی تک کم رسک والے ممالک کی کوئی لسٹ جاری نہیں کی گئی ہے تاہم جلد اس حوالے سے لسٹ سامنے آنے کا امکان ہے۔ متحدہ عرب امارات کا ہیلتھ سسٹم دُنیا کے بہترین ہیلتھ سسٹمز میں سے ایک ہے، جس کے باعث مملکت میں کورونا کے حوالے سے حوصلہ افزا رپورٹس سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت صحت کی آج کی پریس بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ امارات میں کورونا مریض تیزی سے صحت یاب ہونے لگے ہیں، جبکہ یومیہ کیسز کی گنتی بھی گھٹ رہی ہے۔

ملک میں اب تک 30لاکھ سے زائد کورونا ٹیسٹ ہو چکے ہیں جبکہ صرف 44ہزار533 کورونا مریض سامنے آئے جن میں سے 31ہزار754 مریض صحتیاب بھی ہوگئے ہیں جبکہ اب تک 301 مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ اماراتی وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ گھروں میں قرنطینہ اختیار کرنے والے افراد کو ٹیسٹ کی رپورٹ نیگیٹو آنے تک گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والوں کوگھریلو قرنطینہ کی پہلی بار خلاف ورزی پر پچاس ہزار درہم کا جرمانہ ہو گا، جبکہ دوسری بار اس خلاف ورزی پر ایک لاکھ درہم کا جرمانہ اور چھ ماہ تک قید ہو گی۔ وزارت کے مطابق دو قسم کے افراد گھریلو قرنطینہ اختیار کریں گے، پہلے تو وہ لوگ جن کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے باعث وہ مصدقہ مریض بن چکے ہوں، جبکہ جو افراد کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں سے رابطے میں رہے ہوں گے، انہیں بھی خود کو اور اس بارے میں محکمہ صحت کا بھی آگاہ کرنا ہو گا۔ ان افراد کو اس وقت تک گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی، جب تک ان کے ٹیسٹ نیگیٹو نہیں آئیں گے۔