پاکستان اور سعودی عرب میں سکیورٹی تعاون کا معاہدہ،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا ریاض میں ’’911‘‘ سنٹر کا دورہ

جمعرات 2 جولائی 2026 16:47

پاکستان اور سعودی عرب میں سکیورٹی تعاون کا معاہدہ،وفاقی وزیر داخلہ ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2026ء) پاکستان اور سعودی عرب نے دونوں ممالک کے مابین سٹریٹجک شراکت داری اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے سکیورٹی کے شعبے میں ایک اہم مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیئے ہیں۔ سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے اپنی اعلیٰ قیادت کی ہدایات کے تحت پاکستانی ہم منصب، وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن رضا نقوی سے ملاقات کی۔

اس اہم ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا اور دستخط شدہ معاہدے کو دونوں برادر ممالک کے گہرے اور مستحکم تعلقات کا عکاس قرار دیا۔

(جاری ہے)

اپنے اس دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ریاض ریجن میں واقع جدید ترین ’’یونیفائیڈ سکیورٹی آپریشنز سنٹر (911)‘‘ کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔

انہوں نے سنٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا جہاں انہیں تمام متعلقہ سکیورٹی اور سروسز کے اداروں کے مابین بہترین ہم آہنگی، روابط اور انضمام کو برقرار رکھنے کے لیے استعمال کی جانے والی جدید ترین ٹیکنالوجیز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ محسن نقوی نے شہریوں، مقامی مقیم افراد اور زائرین کے لیے ہنگامی رپورٹس پر انتہائی تیز رفتار اور درست ردعمل (کوئیک رسپانس) کو یقینی بنانے کے لیے سعودی حکام کی کوششوں اور جدید تکنیکی نظام کو خاص طور پر سراہا۔

واضح رہے کہ ریاض ریجن کا یہ مرکزی آپریشنز سنٹر (911) سعودی عرب کے اہم ترین سکیورٹی انفراسٹرکچر میں شمار ہوتا ہے، جو ریاض شہر کے علاوہ خطے کی 22 گورنریٹس (محافظات) کو اپنی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ ایک ہی چت تلے قائم اس جدید ترین کنٹرول روم میں 62 آپریشنل ورکنگ یونٹس چوبیس گھنٹے متحرک رہتے ہیں، جو تمام ہنگامی اور ہنگامی نوعیت کی کالز کو موصول کر کے فوری کارروائی کو یقینی بناتے ہیں۔ سکیورٹی اور ہنگامی خدمات کا یہ مربوط نظام سعودی عرب کے’’وژن 2030‘‘ اور ’’کوالٹی آف لائف پروگرام‘‘ کے اعلیٰ اہداف کے تحت کام کر رہا ہے۔\932