خدشہ ہے سیاحت کھولنے سے گلگت بلتستان میں کورونا پھیل جائے گا،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

وفاقی حکومت نے ابھی تک نگران وزیراعلیٰ کے لیے نام نہیں مانگے،الیکشن میں دھاندلی نہ ہوئی تو ن لیگ واحد اکثریتی جماعت ہوگی، حافظ حفیظ الرحمن

اتوار 21 جون 2020 16:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2020ء) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سیاحت کھولنے سیگلگت بلتستان میں کورونا پھیل جائے گا۔ایک انٹرویومیں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم نے ایس او پیز کا کہا لیکن میٹنگ ختم ہوتے ہی سیاحت کھولنے کا اعلان کر دیا، ایس او پی لفظ آسان ہے لیکن اس پر عمل درآمد بہت مشکل ہے۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ خدشہ ہے کہ سیاحت کھولنے سیگلگت بلتستان میں کورونا پھیل جائے گا، یہی وجہ ہے کہ کے پی حکومت نے رابطہ کیاکہ آپ قومی اقتصادی کونسل میں سیاحت کھولنے کی مخالفت کریں کیونکہ سیاحت اگلے سال بھی ہو سکتی ہے۔الیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ انسانی جانوں کی قیمت پر الیکشن ہم بھی نہیں چاہتے، اس لیے سخت لاک ڈاؤن کیا تاکہ الیکشن ممکن ہو سکیں۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی نہ ہوئی تو ن لیگ واحد اکثریتی جماعت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ابھی تک نگران وزیراعلیٰ کے لیے نام نہیں مانگے، وزیراعظم نے نگران حکومت کا اعلان مشاورت کے بغیر کیا تو مزاحمت کریں گے کیونکہ وفاقی حکومت ہر اچھا کام برے طریقے سے کرتی ہے۔وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں الیکشن شیڈیول سے دو ماہ پہلے ہی سالانہ ترقیاتی پروگرام روک دیا گیا تھا۔گلگت میں تعلیمی سہولیات سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں تھری جی اور فورجی نہ ہونے سے تعلیمی سرگرمیوں میں مشکلات ہیں۔