پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی ضلع غربی کا اہم اجلاس، پانی و بجلی کی بندش اور اسٹریٹ کرائم میں اضافے پر تحفظات کا اظہار

عوامی مسائل کے حل کے لئے متعلقہ اداروں کو خطوط بھیج دئے گئے،شنوائی نہیں ہوئی تو احتجاج کی راہ اختیار کی جائیگی، پبلک ایڈ کمیٹی مسائل کا شکار ضلع غربی کے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے جو کسی بھی وقت پرتشدد احتجاج کی صورت اختیار کرسکتا ہے

اتوار 21 جون 2020 19:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2020ء) پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی ضلع غربی کا اہم اجلاس۔ضلع غربی میں پانی و بجلی کی بندش اور اسٹریٹ کرائم میں اضافے پر تحفظات کا اظہار۔عوامی مسائل کے حل کے لئے متعلقہ اداروں کو خطوط بھی ارسال ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر پبلک ایڈ ضلع غربی فضل احد نے کہا کہ واٹر بورڈ اور کے الیکٹرک ضلع غربی کے لئے جلاد بن گئے ہیں ۔

شدید گرمی کے موسم میں پانی و بجلی کی عمد فراہمی سے کسی بھی وقت انسانی سانحہ رونما ہوسکتا ہے۔واٹر بورڈ نے ضلع غربی کو کربلا کا میدان بنا دیا ہے ۔اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے جبکہ چوری ڈکیتی کی وارادتوں میں بھی خطرناک حدتک اضافہ ہوگیا ہے۔ضلع غربی کا کوئی پرسان حال نہیں۔

(جاری ہے)

کراچی کا سب سے بڑا ضلع مسائل کا انبار بن چکا ہے۔

ضلع غربی کے مسائل حل کرنے کے لئے کوئی تیار نہیں۔مسائل کا شکار ضلع غربی کے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے جو کسی بھی وقت پرتشدد احتجاج کی صورت اختیار کرسکتا ہے۔جماعت اسلامی اخلاص نیت کے ساتھ مسائل کو حل کرنا چاہتی ہے ۔پبلک ایڈ کمیٹی عوامی مسائل کے حل کے لئے ملاقات ،مطالبات اور احتجاج سمیت ہر راستہ اختیار کرنے کے لئے تیار ہے۔

ضلع غربی میں پانی و بجلی کی عدم فراہمی اور جرائم میں اضافے کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو خطوط لکھے ہیں۔اگر شنوائی نہیں ہوئی توکے الیکٹرک ، واٹر بورڈ اور پولیس ہیڈ کواٹرز کا گھیرائو کیا جائے گا۔عوام جماعت اسلامی کی پشت پر ہے ۔درین اثناء شرکاء اجلاس ، نائب امیر ضلع غربی ماسڑامین اللہ، گل واحد ندیم، خالد زمان شیخ، صدر جماعت اسلامی یوتھ انعام الرحمان، پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی برائے ڈی ایم سی ویسٹ عبد الجلیل شمسی ، نیاز برکی ، ڈاکٹر فخرو دیگر نے اورنج لائین کے کام میں تاخیر، سرکاری او پی ڈیز کی بندش ، کچرے کی بہتات پر بھی اپنے تحفظات کا ظہار کیا۔

ماسٹر امین اللہ نے کہا کہ کے الیکٹرک کراچی کے لئے ناسور بن گیا ہے۔ایک طرف شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ کرکے عوام کو اذیت کا دوچار کیا ہوا دوسری طرف اوربلنگ کء ذرئعے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔انعام الرحمان نے کہا کہ پولیس کے اعلیٰ افسران کی لاپرواہی کی وجہ سے جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے اور منشیات فروشی عروج کو پہنچ چکی ہے۔

خالد زمان شیخ نے کہا کہ سرکاری اوپی ڈیز کی بندش کی وجہ سے مریض رل گئے ہیں۔کورونا کے ساتھ ساتھ دیگرامراض کا شکار افراد بھی علاج نہ ہونے کہ وجہ سے بڑی تعد اد میں ہلاک ہو رہے ہیں۔حکومت نے اربوں کھربوں کا بجٹ ہونے کے باجود اب تک سرکاری اسپتالوں کی صورت حال بہتر بنانے کے لئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے ۔فضل احد نے مزید کہا کہ ضلع غربی سے منتخب ہونے والے ممبران اسمبلی نے عوامی مینڈیٹ کی توہین کی ہے۔

ضلع کا کوئی پرسان حال نہیں ۔شہری حکومت کچرا اٹھانے میں بھی ناکام ہوگئی ہے۔واٹر بورڈ کے الیکٹرک سمیت تمام محکمے عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔کراچی کے مسائل حل کرنے کے لئے دیانت دار قیادت کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ شہر کراچی کی خدمت کی ہے۔نعمت اللہ خان اور مئیر افغانی نے اس شہر میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں۔آج بھی اگر نعمت اللہ خان کے وژن کے مطابق کام کیا جائے تو شہر کے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔جماعت اسلامی ضلع غربی کے عوام کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتی۔عوام کی خدمت اور مسائل کے حل کے لئے جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری ہے گی۔