سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی کمیٹی نے سگریٹ پر 100 فیصد ایف ای ڈی میں اضافہ کی سفارش کی منظوری دیدی

․نجی سکولوں کی فیس پر ٹیکس لیوی ختم کی جائے، 2لاکھ روپے سالانہ سکول فیس جمع کرانے والوں پر ٹیکس لگایا جائے، سینیٹر کلثوم پروین ٹڈی دل کی روک تھام کیلئے 4 ارب روپے کے بجائے 8 ارب روپے مختص کئے جائیں، سینیٹر سیمی ایزدی کا اجلاس کے دور ان مطالبہ … کمیٹی کی بھی سفارش کمیٹی نے ایچ ای سی کو آن لائن جامعات کو مزید فنڈز دینے کی سفارش کی منظوری …مہنگے سگریٹ پر زیادہ اور سستے سگریٹ پر کم ڈیوٹی لگانے کی سفارش سینیٹر غوث محمد نیازی کی فوجی جوانوں اور افسروں کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی تجویز دیدی، کمیٹی نے بھی تجویز پر عملدر آمد کی سفارش کر دی

پیر 22 جون 2020 15:11

سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی کمیٹی نے سگریٹ پر 100 فیصد ایف ای ڈی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2020ء) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی کمیٹی نے سگریٹ پر 100 فیصد ایف ای ڈی میں اضافہ کی سفارش کی منظوری دیدی۔ پیر کو سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹر کلثوم پروین کی جانب سے سگریٹ پر ایف ای ڈی میں اضافے کی سفارش کی گئی ۔ سینیٹر کلثوم پروین نے کہاکہ سگریٹ پر ایف ای ڈی میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے۔

سینیٹر کلثوم پروین نے کہاکہ رواں مالی سال ریونیو میں 20 ارب روپے کا نقصان اسی وجہ سے ہے۔ کمیٹی نے سگریٹ پر 100 فیصد ایف ای ڈی میں اضافہ کی سفارش کی منظوری دیدی۔ سینیٹر کلثوم پروین نے کہاکہ نجی سکولوں کی فیس پر ٹیکس لیوی ختم کی جائے، 2لاکھ روپے سالانہ سکول فیس جمع کرانے والوں پر ٹیکس لگایا جائے۔

(جاری ہے)

ممبر پالیسی ایف بی آر کے مطابق 2 لاکھ روپے سے زائد فیس پر ٹیکس لاگو ہے اور کم پر نہیں ہے۔

کمیٹی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی سفارش منظور کردی ۔ سینیٹر کلثوم پروین نے کہاکہ سیمنٹ پر ڈیوٹی میں ریلیف دیا جائے۔ ممبر پالیسی ایف بی آر کے مطابق سیمنٹ کی ایک بوری پر 88 روپے ڈیوٹی لی جارہی ہے، پہلے سیمنٹ کی بوری پر 100 روپے ڈیوٹی لگائی گئی تھی۔ ممبر پالیسی ایف بی آر کے مطابق ڈیوٹی میں کمی سے ایف بی آر کو 15 ارب روپے کا محصولات کا نقصان ہوا ہے۔

سینیٹر سیمی ایزدی نے کہاکہ ٹڈی دل کی روک تھام کیلئے 4 ارب روپے کے بجائے 8 ارب روپے مختص کئے جائیں۔کمیٹی نے ٹڈی دل کے تدارک کیلئے 8 ارب روپے مختص کرنے کی سفارش کی منظوری دیدی، کمیٹی نے سینیٹر سیمی ایزدی کی کھاد میں 50 ارب کے بجائے 75 ارب مختص کرنے کی منظوری دیدی، کمیٹی نے ایچ ای سی کو آن لائن جامعات کو مزید فنڈز دینے کی سفارش کی منظوری دیدی۔

سینیٹر سیمی ایزدی نے کہاکہ ٹیکسٹائل کی برآمدات پر جی ایس ٹی کو 17 فیصد سے 4 فیصد ہر لایا جائے یا ختم کیا جائے۔ ممبر پالیسی ایف بی آر نے کہاکہ ٹیکسٹائل کی صنعت کو برآمدات میں دنیا میں زیرو ریٹنگ نہیں دی گئی ہے۔ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہاکہ تمباکو کو دیگر اجناس کی طرح ٹیکس اور ڈیوٹی سے استثنیٰ دیا جائے۔کمیٹی نے بیرسٹر محمد علی سیف کی سفارش کی منظوری دیدی۔

بیرسٹر محمد علی سیف نے کہاکہ تمباکو مصنوعات پر ٹیکسوں اور ڈیوٹی میں اضافہ کیا جائے، کمیٹی نے تمباکو مصنوعات پر ٹیکسوں میں اضافے کی سفارش کی منظوری دیدی۔ محمد علی سیف نے کہاکہ ٹیئر ون سگریٹ پر 30 روپے اور ٹیئر ٹو پر 10 روپے فی پیکٹ اضافہ کیا جائے، اس سے ملک کے ریونیو میں اضافہ ہوگا۔کمیٹی نے مہنگے سگریٹ پر زیادہ اور سستے سگریٹ پر کم ڈیوٹی لگانے کی سفارش کردی۔

اجلاس کے دور ان خزانہ کمیٹی نے کہاکہ بجلی اور گیس کے بلوں پہ مالک اور کرائے دار کا نام شامل کیا جائے، بجلی اور گیس کے بلوں پہ مالک اور کرائے دار کا نام شامل کرنے میں وقت دیا جائے۔سینیٹر غوث محمد نیازی نے ایف بی آر کے محصولات کے ہدف پر نظر ثانی کی تجویز دیدی۔ ممبر پالیسی ایف بی آر نے کہاکہ رواں مالی سال اب تک 3800 ارب روپے کے محصولات جمع ہوچکے ہیں۔

ممبر پالیسی ایف بی آر کے مطابق جون 2020 کے اختتام پر 3900 ارب روپے کا نظر ثانی شدہ ہدف حاصل کرلیا جائے گا، درآمدات کی کمی نہ ہوتی تو رواں سال بھی 4800 ارب روپے کے محصولات جمع ہوتے۔ممبر پالیسی ایف بی آر کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے بھی محصولات میں 800 ارب روپے کا نقصان ہوئے،نئے مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 960 ارب روپے کے محصولات کا ہدف رکھا ہے۔

ممبر پالیسی ایف بی آر کے مطابق کورونا وائرس کے اختتام پر مکمل تصویر سامنے آجاتے گی، ایف بی آر اگر ٹیکس اکھٹا نہیں کرے گا تو حکومت کو مزید قرضہ لینا پڑے گا۔ سینیٹر طلحہ محمود نے کہاکہ کاروباری ماحول کو بہتر بنانا ہوگا تاکہ ریونیو میں مزید اضافہ ہوگا، جو فنانس بل 2020 بنایا گیا ہے اس سے 4963 ارب کا ہدف حاصل ہونا ممکن نہیں ہے۔کمیٹی نے ٹیکس اہداف کے حصول کیلئے فنانس بل پر نظر ثانی کی سفارش کردی۔سینیٹر غوث محمد نیازی کی فوجی جوانوں اور افسروں کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی تجویز دیدی،کمیٹی نے سرکاری ملازمین اور آرمی افسروں اور جوانوں کی تنخواہوں میں اضافے کی سفارش کردی،