آزاد کشمیر کے اندر پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں متحد ومنظم ہے ،ناصر حسین ڈار

لیگی حکومت وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کے ویژن کے مطابق آزاد خطہ کے اندر عوام کی خدمت میں مصروف ہے۔لیگی حکومت نے ساڑھے تین سالہ کے عرصہ میں تاریخ ساز کامیابیاں حاصل کی ہیں خطہ میں گڈگورننس کے نفاذ ،آئین وقانون اور میرٹ کی بالادستی،خطہ کی ترقی وخوشحالی اور بنیادی مسائل کے حل کیلئے منظم منصوبہ بندی کے تحت انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں،وزیر حکومت آزاد کشمیر

اتوار 28 جون 2020 18:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2020ء) آزاد کشمیر کے وزیر حکومت ناصر حسین ڈار نے کہاہے کہ آزاد کشمیر کی اندر پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں متحد ومنظم ہے ،لیگی حکومت وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کے ویژن کے مطابق آزاد خطہ کے اندر عوام کی خدمت میں مصروف ہے۔

لیگی حکومت نے ساڑھے تین سالہ کے عرصہ میں تاریخ ساز کامیابیاں حاصل کی ہیں اور خطہ میں گڈگورننس کے نفاذ ،آئین وقانون اور میرٹ کی بالادستی،خطہ کی ترقی وخوشحالی اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے منظم منصوبہ بندی کے تحت انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔میڈیاسے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھاکہ آزاد خطہ کے اندر مسلم لیگ ن دوتہائی اکثریت سے حکومت قائم کررہی ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف اور وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں متحد ومنظم ہے اور خطہ کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھرپور انداز میں کام کررہی ہے۔مسلم لیگ ن اپنی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر 2021کے انتخابات میں بھی دوبارہ کامیابی حاصل کر کے حکومت بنائے گی۔حکومت میرٹ کی بالادستی کے لیے مزید جاندار اقدامات اٹھارہی ہے۔

اس مقصد کے لیے جاندار حکمت عملی ترتیب دیدی گئی ہے اس حکمت عملی پر عملدرآمد سے سرکاری محکموں سے سفارشی کلچر کا عملی طورپر خاتمہ ہو جائے گا اور تعلیم یافتہ نوجوان اہلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر بھی ملازمتوں سے مستفید ہوسکیں گے ناصر حسین ڈار نے کہا ہے کہبھارتی فوج کشمیریوں کیلیے نفرت کی علامت بن چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے شہریوں کے جانی و مالی نقصان کے ازالہ کے لئے علیحدہ ریلیف فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہی ۔

انہوں نے کہا کشمیر جو پہلے سے ایک مکمل فوجی علاقہ بن چکا ہے میں مزید فوجی دستے بھیجنا بھارت کی کھلی دہشت گردی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوے ایل او سی پر اس کی جانب سے کلسٹر بموں کے استعمال کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک طرف مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم و ستم بڑھ رہا ہے دوسری طرف گرفتار کشمیری رہنمائوں کو حیلے بہانوں سے بھارتی حکومت کیساتھ مذاکرات پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج ایل او سی پر مسلسل فائرنگ اور گولہ باری کر رہی ہے بھارت کے مکروہ عزائم کو ناکام بنانے کے لئے پوری پاکستانی قوم اور ملک کی تمام سیاسی قوتیں متحد و منظم ہیں میرپور زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لیے حکومت آزادکشمیر تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔متاثرین کو ابتدائی ریلیف کی فراہمی کے لیے منظم انداز میں کام کیا جارہا ہے۔

وفاقی حکومت کی طرف سے زلزلہ متاثرین کے نقصانات کے ازالے کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میرپور میں زلزلہ کی تباہ کاریوں سے ہونے والے نقصانات کا بھرپور ازالہ کیا جائے گا۔میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ متاثرین کی بحالی اور ریسکیو آپریشن کے دوران مسلح افواج پاکستان نے تاریخی کردار ادا کیا ہے جس پر مسلح افواج پاکستان کے شکر گزار ہیں۔