متحدہ عرب امارات میں کورونا کے 449نئے کیسز سامنے آگئے

مملکت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 48ہزار سے تجاوز کرگئی، اب تک 314مریض جان کی بازی ہارچکے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 30 جون 2020 00:32

متحدہ عرب امارات میں کورونا کے 449نئے کیسز سامنے آگئے
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29جون 2020ء) متحدہ عرب امارات میں کورونا کے 449نئے کیسز سامنے آگئے، مملکت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 48ہزار سے تجاوز کرگئی،اعدادوشمار کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کورونا کی وجہ سے اب تک 314مریض جان کی بازی ہارچکے ہیں جبکہ اس وقت ملک میں 1کورونا مریخ کی حالت تشویشناک ہے۔ اب تک ملک میں 37ہزار76مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 10ہزار 856ایکٹو کیسز موجود ہیں۔

اب تک مجموعی طور پر32 لاکھ کے لگ بھگ افراد کے کورونا ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں، جن کا تعلق مختلف علاقوں اور پیشوں سے ہے۔ واضح رہے کہ اماراتی وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ گھروں میں قرنطینہ اختیار کرنے والے افراد کو ٹیسٹ کی رپورٹ نیگیٹو آنے تک گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والوں کوگھریلو قرنطینہ کی پہلی بار خلاف ورزی پر پچاس ہزار درہم کا جرمانہ ہو گا، جبکہ دوسری بار اس خلاف ورزی پر ایک لاکھ درہم کا جرمانہ اور چھ ماہ تک قید ہو گی۔

اس کے ساتھ ہی متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کئی ماہ کی بندش کے بعد بالآخر مساجد کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے اعلان کیا گیا ہے کہ 1 روز بعد یعنی یکم جولائی سے متحدہ عرب امارات کی تمام مساجد کھول دی جائیں گی۔ نمازیوں کو مساجد میں نماز کی ادائیگی کی اجازت ہوگی۔ جبکہ دیگر عبادت گاہیں بھی کھول دی جائیں گی۔ یہاں یہ واضح کیا گیا ہے کہ جمعہ کی نماز کے اجتماعات پر تاحال پابندی برقرار رہے گی۔

ہفتے کے بقیہ ایام میں تمام 5 وقت کی نمازیں مسجد میں ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔دوسری جانب ابو ظہبی میں حکام نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابوظہبی میں داخل ہونے کیلئے امارات میں مقیم افراد کو گزشتہ دو روز کے اندر منفی آیا ٹیسٹ دکھانا ضروری ہوگا۔ پیر کے روز انہوں نے اعلان کیا ہے کہ مقیم افراد کو ریاست میں داخل ہونے سے قبل ال ہسن ایپ یا ہسپتال کی جانب سے آئے ہوئے ٹیکسٹ میسج کو دکھانا ضروری ہے ورنہ کوئی بھی مقیم شخص ریاست میں داخل نہیں ہوسکے گا۔