بزرگ پنشنرز کی پنشن میں اضافہ کیے جانے کا امکان

ای او بی آئی پنشن میں اضافے کا معاملہ کل وفاقی کابینہ میں زیر غور آئے گا، حکومت نے کچھ ماہ قبل 2 ہزار روپے کا اضافہ واپس لے لیا تھا

muhammad ali محمد علی منگل 30 جون 2020 22:55

بزرگ پنشنرز کی پنشن میں اضافہ کیے جانے کا امکان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30جون 2020ء) بزرگ پنشنرز کی پنشن میں اضافہ کیے جانے کا امکان، ای او بی آئی پنشن میں اضافے کا معاملہ کل وفاقی کابینہ میں زیر غور آئے گا، حکومت نے کچھ ماہ قبل 2 ہزار روپے کا اضافہ واپس لے لیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق حکومتی ذرائع کی جانب سے بزرگ پنشنرز کیلئے خوشخبری سنائی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بزرگ پنشنرز کیلئے ای او بی آئی پنشن میں اضافہ کیے جانے کا امکان ہے۔

بتایا گیا ہے کہ کل بروز بدھ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوگا۔ وفاقی کابینہ 14 نکاتی ایجنڈے سمیت ملکی معاشی سیاسی صورتحال پر غور کرے گی۔ اجلاس میں ای او بی آئی پنشن میں اضافے کا معاملہ زیر غور آئے گا۔ ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن میں اضافہ کا فیصلہ کابینہ کریگی۔

(جاری ہے)

جبکہ واضح رہے کہ حکومت نے رواں سال کے آغاز میں ای او بی آئی کی کم از کم پنشن میں 2 ہزار روپے کا اضافہ کیا تھا۔

تاہم بعد ازاں حکومت نے پنشن میں اضافے کا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔ کم از کم پنشن بڑھا کر 8500 کی گئی تھی، لیکن پھر فیصلے کی واپسی سے کم از کم پنشن پھر سے 6500 ہوگئی تھی۔ امکان ہے کہ دوبارہ سے ای او بی آئی پنشن میں 2 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا جائے گا۔ اضافہ ہونے کی صورت میں بزرگ پنشنرز کو بقایہ جات بھی مل سکتے ہیں۔ جبکہ یہاں واضح رہے کہ وزیراعظم کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے کچھ ماہ قبل اعلان کیا تھا کہ وہ ای او بی آئی پنشن میں اضافہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان کی کوشش ہے کہ کم از کم پنشن کو 10 ہزار اور پھر موجودہ حکومت کی مدت کے اختتام تک 15 ہزار روپے کی سطح تک لے جایا جائے۔ تاہم ان کے اعلانات کے برعکس، 2 ہزار روپے کا اضافہ بھی واپس لے لیا گیا تھا۔ جبکہ وفاقی حکومت نے نئے مالی سال کے دوران سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں بھی اضافہ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :