متحدہ عرب امارات میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے خوشخبری

کورونا کے باعث امارات میں پھنسے پاکستانی شہری اب نجی ایئرلائن سرین پر سفر کر کے پاکستان واپس آ سکتے ہیں

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعہ 3 جولائی 2020 05:58

متحدہ عرب امارات میں  پھنسے پاکستانیوں کے لیے خوشخبری
دبئی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی 2020ء) متحدہ عرب امارات میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے خوشخبری۔ کورونا کے باعث امارات میں پھنسے پاکستانی شہری اب نجی ایئرلائن سرین پر سفر کر کے پاکستان واپس آ سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مہلک کورونا وائرس کی وباء سے جہاں پوری دنیا کے معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں وہاں سفری نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے مختلف ممالک نے سفری پابندیوں کا اطلاق کر رکھا ہے جس کے باعث ملک میں داخل ہونے یا باہر جانے پر پابندیاں عائد ہیں تاہم اب آہستہ آہستہ ان پابندیوں میں نرمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ گلف نیوز کے مطابق کورونا کی وباء کے باعث متحدہ عرب امارات میں پھنسے پاکستانیوں کو بھی خوشخبری سنا دی گئی ہے کہ وہ پاکستان کی نئی نجی ایئر لائن سرین پر سفر کر کے ملک واپس جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے نے بتایا کہ اماراتی حکام کی جانب سے امارات میں پھنسے پاکستانی شہریوں کو نجی ایئرلائن کے ذریعے ملک واپسی کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اس ضمن میں یو اے ای میں سرین ایئر کے مینیجر سہیل شیخ کا کہنا ہے کہ ہم متحدہ عرب امارات اور پاکستانی حکام کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمیں امارات میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے خصوصی چارٹرڈ پروازیں چلانے کی اجازت دی ہے۔

گلف نیوز کے مطابق سہیل شیخ کا مزید کہنا تھا کہ سرین ایئر کی پہلی پرواز 3 جولائی کو 122 مسافروں کو لے کر شارجہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کراچی کے لیے اڑان بھرے گی، ان کا کہنا تھا کہ پرواز کی تمام ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں۔ 
انہوں نے بتایا کہ پاکستان واپس جانے میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے وہ کراچی کے علاوہ پاکستان مزید شہروں کے لیے بھی پروازیں چلانے سے متعلق منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ سہیل شیخ کے مطابق لاہور، ملتان اور اسلام آباد کے لیے بھی پروازیں چلانے جا رہے ہیں، دلچسپی رکھنے والے افراد دبئی میں الغازی ٹریول سے ٹکٹیں خرید سکتے ہیں۔