سندھ میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کو، آسمانی بجلی گرنے کے واقعات پیش آنے کا خدشہ

محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، مسلسل بارش کے باعث سیلابی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے

muhammad ali محمد علی جمعہ 3 جولائی 2020 23:13

سندھ میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کو، آسمانی بجلی گرنے کے واقعات ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جولائی2020ء) سندھ میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کو، آسمانی بجلی گرنے کے واقعات پیش آنے کا خدشہ، محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، مسلسل بارش کے باعث سیلابی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سندھ میں مون سون بارشوں کے پہلے سلسلے کا آغاز ہونے والا ہے۔

کراچی سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔ جبکہ محکمہ موسمیات نے آسمانی بجلی گرنے کے واقعات پیش آنے کے خدشے کا اظہار بھی کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 6 جولائی کی صبح مون سون سسٹم مشرقی سندھ میں داخل ہو سکتا ہے، جس کے بعد تھر پارکر، بدین، ٹھٹھہ، حیدر آباد اور میرپور خاص میں گرد آلود ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

کراچی میں گرد آلود ہوا اور گرج چمک کے ساتھ معتدل بارش کا آغاز 6 جولائی کی رات سے ہو سکتا ہے۔6 جولائی کی رات سے 8 جولائی کی صبح تک بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔ جبکہ بارش سے اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ رہے گا۔ دوسری جانب وفاقی دارلحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بھی تیز ہوائوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ سندھ کے مقابلے میں پنجاب میں مون سون سیزن کا باقاعدہ آغاز کچھ تاخیر سے ہوگا۔