ریلوے پولیس کی کارروائی میٹریل چوری کرنیوالا گروہ گرفتار، لاکھوں روپے مالیت کا ریلوے میٹریل برآمد

ہفتہ 4 جولائی 2020 15:47

ریلوے پولیس کی کارروائی میٹریل چوری کرنیوالا گروہ گرفتار، لاکھوں روپے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2020ء) پاکستان ریلوے پولیس ورکشاپس ڈویژن نے کارروائی کرتے ہوئے ریلوے میٹریل چوری کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا‘ ترجمان ریلوے کے مطابق ملزمان مسمیان محمد بلال، خیال محمد، شوکت علی، اختر زادہ اور ساجد حسین ریلوے میٹریل چوری کرنے والے گروہ میں شامل تھے جن کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا اور ملزمان کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کا ریلوے میٹریل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

گرفتار ہونے والے دو ملزمان محکمہ ریلوے کے ملازم نکلے۔ ملزم اختر زادہ ریلوے کیرج شاپ جبکہ ملزم شوکت علی ریلوے لوکوشاپ کا ملازم ہے ‘چوری شدہ ریلوے میٹریل کو خریدنے والا بد نام زمانہ کباڑیہ محمد علی بٹ بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان کے خلاف تھانہ ریلوے پولیس ورکشاپس میں مقدمات کا اندراج کر لیا گیا ہے۔ ایس پی ریلوے پولیس ورکشاپس ڈویژن کا کہنا ہے کہ ڈی آئی جی آپریشنز پاکستان ریلوے پولیس شہزاد اکبر کی ہدایات پر ریلوے پولیس ورکشاپس ڈویژن جرائم پیشہ عناصر خصوصی طور پر ریلوے میٹریل چوروں اور قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن لئے ہوئے ہے جن کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے جڑ سے خاتمے کیلئے سپیشل ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس عارف نواز خان نے موثر کارروائی کرنے پرایس پی ریلوے پولیس ورکشاپس ملک محمد عتیق اور انکی ٹیم کو سراہا ہے اور ہدایات دی ہیں کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے ریلوے پولیس اہلکاروں کو تعریفی سرٹیفکیٹ سے بھی نوازا جائے۔