پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے پرعمران خان کیخلاف سازش ہوئی

پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں پہلے بےوقت کمی کی گئی، پھر بجٹ کی رات اچانک 25 روپے اضافہ کردیا گیا، تاکہ حکومت کو بجٹ میں منظوری میں مشکل پیدا ہوگی، یہ بڑے سازشی لوگ ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 4 جولائی 2020 15:59

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے پرعمران خان کیخلاف سازش ہوئی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔04 جولائی 2020ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے انکشاف کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پرعمران خان کیخلاف سازش ہوئی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں بے وقت کمی کی گئی،پھر بجٹ کی رات 25روپے اضافہ کردیا گیا، یہ سازشی لوگ ہیں۔ انہوں نے آج لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فوج کورونا وائرس، ٹڈی دل کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے اور سیلاب کے خلاف تیاریاں کررہی ہے، پاکستان کی فوج وہ عظیم فوج ہے جو اصل میں اس ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور جانتی ہے کہ اسے کیا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اپوزیشن عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، دونوں پارٹیاں رنگے ہاتھوں پکڑی ہوئی ہے ان کے خلاف اتنے سنگین کیسز ہیں کہ ان کی جان نہیں چھوٹ سکتی۔ شیخ رشید نے کہا کہ مجھے پتا تھا کہ نواز شریف چلیں جائیں گے اس لیے کہتا تھا کہ انہیں جانے دو کیا فرق پڑتا ہے اور پھر وہ چلے گئے۔

(جاری ہے)

شیخ رشید نے کہا کہ میں نے چینی برآمد کی مخالفت کی تھی اور کابینہ، کابینہ کی اقتصادی کمیٹی کے اجلاس میں میرا واحد اختلافی نوٹ ہے جس میں کہا گیا تھا کہ چینی برآمد نہیں ہونی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ ساری قوم کا معیار اتنا کم ہے کہ 14 وزارتیں چلانے والے شخص کو 5 لاکھ کے عوض بھی ایک انجیکشن دستیاب نہیں تھا اور نیشنل ڈزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین جنرل محمد افضل نے اس کا بندوبست کیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کیخلاف ایک سازش کے تحت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، صبح بجٹ تھا اور رات کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 25 روپے اضافہ کردیا گیا۔

یہ سب سازشی لوگ ہیں، لیکن اللہ عمران خان کیلئے بہتر کرے گا۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنے کا اور قیمتیں بڑھانے کا وقت نہیں تھا، سازش کی گئی کہ جب صبح بجٹ منظور کیا جائے تو اس وقت حکومت کیلئے مشکل پیدا ہوگی۔پھر بھی بجٹ میں 40ووٹ بڑھ گئے۔ ق لیگ کہیں نہیں جارہے، چودھری ن لیگ کے ساتھ نہیں جا رہے۔