کراچی ، پی ایس پی کے کارکن کے قتل میں ملوث 2 ٹارگٹ کلرز گرفتار

ہفتہ 4 جولائی 2020 19:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جولائی2020ء) کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پی ایس پی کے کارکن کے قتل میں ملوث 2 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا۔ترجمان رینجرز کے مطابق پی ایس پی کارکن عاصم محمد خان کے قتل میں ملوث ملزمان سید نعیم حیدر عرف بڑا اور محمد دانش اقبال عرف ہکلہ کو 48گھنٹے سے کم وقت میں گرفتار کیا گیا ہے جب کہ ملزمان کا تیسرا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

ملزمان کے قبضے سے قتل کی واردات میں استعمال ہونے والا 30 بورپستول بھی برآمد کر لیا ہے جس کی فارنزک رپورٹ موقع واردات سے ملنے والے خول سے تصدیق ہوگئی ہے۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم سیدنعیم حیدر عرف بڑا نے انکشاف کیا کہ اس کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور وہ اس سے قبل بھی فرقہ ورانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا ہے۔ رینجرز نے گرفتار ملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا۔ واضح رہے کہ کراچی کے علاقے لیاقت آباد نمبر 10 میں 2 جولائی کو پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے کارکن عاصم محمد خان کو قتل کر دیا گیا تھا جس کی ایف آئی آر پولیس اسٹیشن شریف آباد میں نامعلوم ملزما ن کے خلاف درج کی گئی تھی۔ واقعے پر رینجرز نے تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔#