وزیر اعظم آزاد کشمیر کا شہید برہان مظفر وانی کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش ، مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں یہ عظیم قربانی ہے، راجہ فاروق حیدر

منگل 7 جولائی 2020 23:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2020ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے شہید برہان مظفر وانی کی جرأت اورلازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں یہ عظیم قربانی ہے۔ برھان وانی کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ شہید برہان وانی نے اپنے خون سے تاریخ رقم کی ہے۔

(جاری ہے)

قوم اپنے ان بیٹوں پر فخر کرتی ہے جو آزادی کے مقصد مشن کے لئے اپنا خون دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں نے جدوجہد آزادی میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے اور وہ کشمیریوں کے لئے متاثر کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ برہان وانی نے کشمیری نوجوانوں کو ایک نیا ولولہ دیا ہے یہی وجہ ہے کہ تمام تر ظلم وبربریت کے باوجود بھارت کشمیریوں کے جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ اس جدوجہد میں کشمیری اکیلے نہیں ہیں، پاکستان، آزادکشمیر اورگلگت بلتستان کے عوام ان کے ساتھ ہیں۔