کراچی میں کئی منزلہ عمارت گر گئی

شہر قائد کے علاقے لیاقت آباد میں واقع 5 منزلہ عمارت کل ہی خالی کروائی گئی تھی

muhammad ali محمد علی بدھ 8 جولائی 2020 00:34

کراچی میں کئی منزلہ عمارت گر گئی
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 جولائی 2020ء) کراچی میں کئی منزلہ عمارت گر گئی، شہر قائد کے علاقے لیاقت آباد میں واقع 5 منزلہ عمارت کل ہی خالی کروائی گئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے گنجان آباد علاقے لیاقت آباد میں ایک کئی منزلہ عمارت گر گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سندھ ہوٹل کے قریب واقع 5 منزلہ عمارت خستہ حال تھی۔ تاہم خوش قسمتی سے عمارت گرنے کے واقعے میں کئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

عمارت کی خستہ حالی کی وجہ سے بروقت کاروائی کرتے ہوئے اسے گزشتہ روز ہی خالی کروایا گیا تھا۔

(جاری ہے)

عمارت گرنے کے واقعے کے بعد پولیس کی نفری اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ عمارت گرنے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ عمارت گرنے کی وجہ سے آس پاس کی 2 عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، تاہم کسی شخص کے زخمی یا جاں بحق ہو جانے کی اطلاعات نہیں ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ عمارت کے ساتھ موجود ایک خالی پلاٹ میں عمارت کی تعمیر کیلئے بنیادیں کھودی گئی تھیں۔ پلاٹ پر کی جانے والی کھدائی کی وجہ سے گرنے والی عمارت کی بنیادیں کمزور ہو گئی تھیں۔ جبکہ گرنے والی عمارت ویسے بھی پرانی تھی اور اس پر اضافی فلور تعمیر کیے گئے تھے۔