سابق امریکی صدر جو بائیڈن میں پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص

82 سالہ جو بائیڈن نے پیشاب میں تکلیف کی شکایت پر ڈاکٹر سے رجوع کیا تھا

Sajid Ali ساجد علی پیر 19 مئی 2025 11:34

سابق امریکی صدر جو بائیڈن میں پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مئی 2025ء ) سابق امریکی صدر جو بائیڈن میں پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوگئی۔ عالمی میڈیا کے مطابق سابق امریکی صدر جو بائیڈن میں پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے جو ان کی ہڈیوں تک پھیل چکا ہے، گذشتہ ہفتے 82 سالہ جو بائیڈن نے پیشاب میں تکلیف کی شکایت پر ڈاکٹر سے رجوع کیا جس کے بعد اب ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ سابق صدر جو بائیڈن کی تشخیص سے متعلق جو تفصیلات سامنے آئی ہیں، ان سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان میں کینسر کی قسم زیادہ خطرناک اور تیزی سے پھیلنے والی ہے، کینسر کی یہ قسم خاصی تیز رفتاری سے پھیلنے والی اور شدید نوعیت کی ہے جسے گلیسن سکور میں 10 میں سے 9 قرار دیا گیا، یہ ایک ہائی گریڈ کینسر ہے یعنی یہ خلیے تیزی سے جسم کے دیگر حصوں میں پھیل سکتے ہیں، پروسٹیٹ کینسر مردوں میں جلد کے کینسر کے بعد دوسرا سب سے عام کینسر ہے، ہر 100 میں سے 13 مردوں کو اپنی زندگی کے کسی نہ کسی مرحلے پر یہ بیماری لاحق ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

سابق امریکی صدر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جو بائیڈن کے اہل خانہ اس وقت ممکنہ علاج کے آپشنز پر غور کر رہے ہیں، کینسر کی یہ قسم ایسی ہے جس پر کچھ خاص دوائیں یا علاج اثر کرسکتے ہیں، سابق صدر جیسے مریضوں کو عام طور پر ہارمون تھراپی دی جاتی ہے تاکہ بیماری کی علامات کو کم کیا جا سکے اور کینسر کے خلیوں کی افزائش کو سست کیا جا سکے، اس لیے ڈاکٹروں کو امید ہے کہ اسے روکا یا قابو میں رکھا جا سکتا ہے۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ سابق صدر کو صحت اور عمر سے متعلق خدشات کے باعث 2024ء کے امریکی صدارتی انتخاب کی دوڑ سے دستبردار ہونا پڑا تھا، جو بائیڈن کو امریکہ کی تاریخ میں صدارت کا عہدہ سنبھالنے والے سب سے عمر رسیدہ شخص ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :