Live Updates

بھارت میں آپریشن سندور پر تبصرہ کرنے پر مسلمان پروفیسر علی خان گرفتار

پروفیسر علی خان نے پاک بھارت پاکستان تنازعہ اور جنگ کا مطالبہ کرنے والوں کے جذبات کے بارے میں لکھتے ہوئے جنگ کے نقصانات بھی بتائے تھے

Sajid Ali ساجد علی پیر 19 مئی 2025 11:23

بھارت میں آپریشن سندور پر تبصرہ کرنے پر مسلمان پروفیسر علی خان گرفتار
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مئی 2025ء ) بھارت میں آپریشن سندور پر تبصرہ کرنے پر مسلمان پروفیسر علی خان محمودآباد کو گرفتار کرلیا گیا۔ بی بی سی کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ تنازعے کے دوران کرنل صوفیہ قریشی اور ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ کی پریس بریفنگ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے والے پروفیسر علی خان محمود آباد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ان کو دہلی سے ملحقہ ریاست ہریانہ کی سونی پت پولیس نے گرفتار کیا، یہ گرفتاری مقامی باشندے یوگیش کی شکایت کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ ہریانہ پولیس نے پروفیسر علی خان کے خلاف دو برادریوں کے درمیان منافرت پیدا کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا، پروفیسر علی خان کی اہلیہ نے بتایا کہ پولیس اتوار کی صبح تقریباً ساڑھے 6 بجے ان کے گھر پہنچی اور پروفیسر علی خان کو اپنے ساتھ لے گئی، اس سے قبل اس معاملے میں ہریانہ ریاست میں خواتین کی کمیشن نے بھی پروفیسر علی خان کو سمن جاری کرکے ان سے جواب طلب کیا تھا جس کے خلاف بہت سے لوگوں نے اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کروایا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ 17 مئی کو ہریانہ کے سونی پت کے مقامی باشندے یوگیش نے پروفیسر علی خان کے بیانات کے حوالے سے ایف آئی آر درج کروائی، اس شکایت کی بنیاد پر ہریانہ پولیس نے انہیں گذشتہ روز اتوار کو گرفتار کرلیا، ہریانہ پولیس نے پروفیسر علی خان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 196 (1) بی، 197 (1) سی، 152 اور 299 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے، شکایت کنندہ یوگیش نے کہا ہے کہ وہ جٹھیڑی گاؤں کے سرپنچ بھی ہیں، انہوں نے ہی اس معاملے میں ایف آئی آر درج کروائی ہے، وہ بی جے پی کے رکن بھی ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس معاملے کا پارٹی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ آپریشن سندور کے بعد خارجہ سیکریٹری وکرم مصری کے ساتھ کرنل صوفیہ قریشی اور ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ نے پریس بریفنگ دی، جس کے بعد پروفیسر علی خان محمود آباد نے اس پر تبصرہ کیا، جس میں انہوں نے کرنل صوفیہ قریشی اور ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ کو پریس بریفنگ کیلئے بھیجنے سے متعلق بات کی، پروفیسر علی خان نے پاک بھارت پاکستان تنازعہ اور جنگ کا مطالبہ کرنے والوں کے جذبات کے بارے میں لکھتے ہوئے جنگ کے نقصانات بھی بتائے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات