سٹی ٹریفک پولیس پشاور کا اوور لوڈنگ پر 306 افراد کا چالان

اوور لوڈنگ سے سڑکوں کو نقصان ، کسی بھی وقت گاڑی حادثے کا سبب بننے سمیت قیمتی جانوں کا باعث بنتا ہے‘ چیف ٹریفک آفیسر وسیم احمد خلیل

بدھ 8 جولائی 2020 20:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جولائی2020ء) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے اوور لوڈنگ پر گزشتہ ہفتے 306 ٹرانسپورٹروں کا چالان کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے افسران اور اہلکاروں کی جانب سے پشاور کے تمام سیکٹروں میں ناکہ بندیاں کی گئی ہیں جہاں پر شہریوں کو کورونا وائرس سے بچنے سے متعلق آگاہی دی جاتی ہے اور ان میں باقاعدہ احتیاطی تدابیر پر مشتمل پمفلٹس بھی تقسیم کئے جاتے ہیں ناکہ بندیوں پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے گاڑیوں میں مقررہ مقدار سے زیادہ سامان لوڈ کرنے پر 306 افراد کو گرفتار کیا۔

ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر گلبہار سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ اوور لوڈنگ کے باعث سڑکوں کو نقصان پہنچتا ہے جبکہ کسی بھی وقت اوور لوڈ گاڑی حادثے کا سبب بننے سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ قانوناً اوور لوڈ گاڑیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے جس کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی جبکہ اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائیگی۔ انہوں نے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اوور لوڈ گاڑیوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائے۔