وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت فنانس اور اکانومی تھنک ٹینک کا اجلاس

حکومت نے پہلے دن سے متوازن پالیسی مرتب کی ہے تاکہ اقتصادی سرگرمیوں کے تسلسل کو جاری رکھنے ، عوام کو کووڈ 19 وائرس سے تحفظ فراہم کیا جا سکے تعمیرات اور ہائوسنگ کے شعبہ کو پیکج کی فراہمی کا مقصد روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے ، معاشی سرگرمیوں کے اجراء ،غریب اور کم آمدنی والے افراد کے لئے سستے گھروں کی تعمیر کویقینی بنانا ہے وزیراعظم عمران خان کا فنانس اور اکانومی تھنک ٹینک کے اجلاس میں اظہارخیال

ہفتہ 11 جولائی 2020 23:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے پہلے دن سے متوازن پالیسی مرتب کی ہے تاکہ اقتصادی سرگرمیوں کے تسلسل کو جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ عوام کو کووڈ 19 کی بیماری اور وائرس کے انفیکشن سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ تعمیرات اور ہائوسنگ کے شعبہ کو پیکج کی فراہمی کا مقصد روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے اور معاشی سرگرمیوں کے اجراء کے ساتھ ساتھ غریب اور کم آمدنی والے افراد کے لئے سستے گھروں کی تعمیر اور دستیابی کویقینی بنانا ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہفتہ کو یہاں منعقدہ فنانس اور اکانومی تھنک ٹینک کے اجلاس کے دوران کیا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہفتہ کو یہاں فنانس اور اکانومی تھنک ٹینک کا اجلاس منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر رضا باقر اور سابق سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود خان بھی موجود تھے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود، شوکت ترین، سلطان الانا، ڈاکٹر اعجاز نبی اور عارف حبیب ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ مشیر خزانہ نے وزیراعظم عمران خان کو فنانس اینڈ اکانومی تھنک ٹینک کے مقاصد اور خصوصی ترجیحات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ان مشکل حالات میں اقتصادی شرح نمو کے لئے خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے۔

کووڈ 19 سے عالمی معیشت اور پاکستان بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے ہماری حکومت نے اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی اور عوام کو کووڈ 19 کی بیماری اور انفیکشن سے تحفظ فراہم کرنے کے لئے متوازن حکمت عملی اپنائی ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہاکہ معاشرے کے غریب طبقات کو مختلف سبسڈیز کی فراہمی کے ذریعے ریلیف کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے جس کا مقصد غربت میں کمی کے ساتھ ساتھ پروگرام کی رسائی کو ضرورت مند اور مستحق طبقات تک بڑھانا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کنسٹرکشن اور ہائوسنگ سیکٹر کو فراہم کئے گئے پیکج پر بھی روشنی ڈالی۔ پیکج کا مقصد روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے اور اقتصادی بحالی کے ساتھ ساتھ غریب اور کم آمدنی والے افراد کے لئے سستے گھروں کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔

وزیراعظم نے تھنک ٹینک کی جانب سے بینکنگ اور فنانس کے شعبہ کی ترقی، احساس پروگرام میں مزید بہتری لانے اور ایس ایم ایز کے شعبہ کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے پیش کی جانے والی تجاویز کو بھرپور انداز میں سراہا۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ تھنک ٹینک کی جانب سے حکومت کے جاری مختلف اقدامات، پالیسیز اور پروگرام پر فیڈ بیک سے انہیں مسلسل آگاہ رکھا جائے۔