سپریم کورٹ میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی اپیل پر سماعت ملتوی

منگل 14 جولائی 2020 16:17

سپریم کورٹ میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی اپیل پر سماعت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2020ء) سپریم کورٹ آف پاکستان کی کوئٹہ رجسٹری نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265 میں مبینہ دھاندلی سے متعلق الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی اپیل کی سماعت ملتوی کر دی۔سپریم کورٹ آف پاکستان کے جسٹس عمر عطاء بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت کی۔

(جاری ہے)

الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے عدالتِ عظمیٰ میں اپیل دائر کی تھی۔سماعت کے موقع پر نوابزادہ لشکری رئیسانی اپنے وکیل ریاض احمد کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔نوابزادہ لشکری رئیسانی کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ این اے 265 میں 65 ہزار جعلی ووٹ پڑے تھے۔جسٹس عمر عطاء بندیال نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ جعلی ووٹ آپ کا الزام ہے، وہ ابھی ثابت نہیں ہوا۔نوابزادہ لشکری رئیسانی کے وکیل ریاض احمد نے جواب دیا کہ جعلی ووٹ سے متعلق میرا الزام نہیں، اس پر نادرا کی رپورٹ ہے۔سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں الیکشن ٹریبونل کے فیصلے سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی کر دی گئی۔