لالہ موسیٰ، رواں سال کی دوسری قومی انسداد پولیو مہم 17 اگست سے 20 اگست تک چلائی جائے گی، ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 18 جولائی 2020 17:53

لالہ موسیٰ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2020ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خر م شہزاد نے کہا ہے کہ سال 2020کی دوسری قومی انسداد پولیو مہم 17اگست سے 20اگست تک چلائی جائے گی، انسداد پولیو مہم کے دوران مجموعی طور پر 4لاکھ 42ہزار 301بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انسدادپولیو مہم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ایم ایس عزیز بھٹی شہید ہسپتال ڈاکٹر عابدغوری، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر زاہد تنویر، ڈ ی ایچ او ڈاکٹر ایاز ناصر، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر سید غمخوار حسین، ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر یاسر ودیگر ممبران نے شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے خیمہ بستیوں، بھٹہ خشت پر مقیم خاندانوں کے بچوں کے اعداد و شمار جمع کر لئے گئے ہیں جبکہ انسداد پولیو رضا کاروں کی ٹریننگ کیلئے پروگرام ترتیب دیدیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ گزشتہ سال ملک میں پولیو کیسز کی تعداد میں بڑھنا انسدادپولیو مہم کی حساسیت میں اضافہ کا سبب ہے، تمام سرکاری محکموں کیساتھ ہر شہری کو کو ملک سے پولیو کے خاتمہ کیلئے حکومتی کاوشوں کا ساتھ دینا چاہیے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کرونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر پولیو ٹیموں کو خصوصی طور پر ٹریننگ دی گئی ہے،پولیو ٹیمیں بچوں کوپولیو کے قطرے پلاتے وقت تما م تر حفاظتی تدابیر کو یقینی بنائے گی، پولیو ٹیمیوں کو ماسک اور سینٹائزر فراہمی اور ان کا باقاعدگی سے ٹمپریچر چیک کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ انسدا دپولیو مہم کی کامیابی کے لئے علما کرام، این جی اوز، میڈیا کا بھرپور تعاون حاصل کیا جائے۔