ترکی میں آیاصوفیہ میوزیم کو دوبارہ مسجد میں تبدیل کرنے کا اقدام انتہائی خوش آئند اور نئی تاریخ ہے،مولانا حامد الحق حقانی

جمعہ 24 جولائی 2020 22:45

نوشہرہ کینٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2020ء) جمعیت علمائ اسلام (س) کے امیر دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی نے آیا صوفیہ میوزیم کو دوبارہ مسجد میں تبدیل کرنے کے اقدام کو انتہائی خوش آئند قرار د یتے ہوئے نوشہرہ ترک صدر طیب اردگان او رترک قوم سمیت پوری امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کی ہے ۔

لانا حامد الحق حقانی نے ان خیالات کا اظہار جامع مسجد شیخ الحدیث مولانا عبدالحق رحمہ اللہ جامعہ دارالعلوم حقانیہ میں نماز جمعہ کے ایک عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ آج جمعہ المبارک کے دن ذی الحج کے مقدس مہینہ میں استنبول کی اس عظیم تاریخی مسجد کا افتتاح نماز جمعہ کے بابرکت اجتماع سے کیا جارہا ہے،آیا صوفیہ کے اس میوزیم کو دوبارہ ایک عظیم الشان مسجد میں تبدیل کرنا امت مسلمہ کی نظریاتی اور فکری آزادی کے لئے نیک فال اور مبارک قدم ہے۔

(جاری ہے)

آج ایک خوش آئند نئی تاریخ ترکی کی عدالت اور ترک قوم کے لیڈر طیب اردگان تاریخ رقم کررہے ہیں۔اس تاریخی اقدام سے آج میرے والد مولانا سمیع الحق شہید کی روح انتہائی خوش و خرم ہوگی۔ مولانا حامد الحق حقانی نے اس اقدام کے خلاف عالم کفر کی بے جا تنقید اور غم و غصہ کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ آیا صوفیہ صدیوں سے مسلمانوں کی عبادت گاہ کے طورپر چلی آرہی ہے، عالم کفر کے پیشواؤں کو مسجد اقصیٰ پر اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ ،اندلس کی مسجد قرطبہ ،ہندوستان کی بابری مسجد سمیت دنیا بھر میں سینکڑوں مساجد پر عالم کفر کا غاصبانہ قبضہ نظر نہیں آتا، نہ ہی انسانی حقوق کی تنظیمیں اس ظلم کے خلاف لب ہلانے کیلئے تیار ہیں، کشمیریوں پر،برمیوں پر،دنیا کے دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے حکمرانوں نے مساجد بند کررکھی ہیں۔

مولانا حقانی نے امت مسلمہ کواور خصوصاً پاکستانی قوم کو اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک مٹھی ہونے اورمضبوط اتحاد بنانے پر زور دیا، جس سے پاکستان اور امت مسلمہ مزید مستحکم اور اپنے اسلامی دین اور شریعت کے نظریات میں کامیاب ہوں گے اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا دین اسلام اور شریعت ایک دن دنیا پر ہرلحاظ سے برتری قائم کرے گا۔

یہ کام دینی تعلیمات امن او رمحبت اور تبلیغ تقریر وتحریر کے ذریعے منبر و محراب سے دنیا کے کونے کونے کو منور کرسکتا ہے ،صرف مسلمانوں نے اپنی سیاسی بزدلی اورایمانی کمزوری کوپس پشت ڈالنا ہوگا۔مسلمانوں کو فتح و نصرت اوراللہ کی مدد کا وعدہ قرآن عظیم الشان سے ثابت ہے۔ مولانا حقانی نے کہا امت مسلمہ چاہیے کہ فرقہ واریت اور لسانی عصبیت اورتعصب سے باہر نکلنے کی دعوت دی اور ایک امت اور ملت واحدہ بن کر دشمنان اسلام کے خلاف متحد ہوکر ہی دنیا میں سیاسی ،نظریاتی اور تہذیب و تمدن کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔

مولانا حامد الحق نے اپنی جماعت جمعیت علمائے اسلام پاکستان، دفاع پاکستان کونسل اورملک بھر کے تمام دینی مسالک، مدارس ،خانقاہوں،تبلیغی مراکزاورپوری پاکستانی قوم کی جانب سے پاکستان دوست ترکی کی عوام اور حکومت کو خراج عقیدت ،خراج تحسین ومبارکباد پیش کی۔انہوں نے حکومت پاکستان سے بھی کہاکہ وہ دینی اور اسلامی اقدمات ملک میں حکومتی سطح پر نافذ کریں تاکہ پاکستان خوشحال اور کامیاب ریاست میں بدل سکے اور عوام کے حالات بدل سکے۔

اسلام میں دیگر مذاہب کوپورا پورا تحفظ اور قدرواحترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ہمارے ملک پاکستان میں اور اسلامی دنیا میں بھی اقلیتوں کو ہمیشہ تحفظ دیا جاتا ہے اوران کو اپنے مذاہب کے مطابق عبادات کی آزادی حاصل ہے۔ مغربی دنیا اہل اسلام کے ساتھ اپنا رویہ مثبت دکھائے۔بیت المقدس شریف کی آزادی کیلئے سب مسلمانوں اوردنیا بھر کے حکمرانوں نے آواز بلند کرنی ہوگی۔ہمیں حرمین شریفین کے تحفظ اورتقدس کا بھی ہمیشہ عزم جاری وساری رکھنا ہوگا۔۔