رحم دل ماں نے خود پر تشدد کرنے اور گالیاں دینے والے بیٹے کو معاف کر دیا

میری بہو اور میرے بیٹے نے مجھ سے معذرت کی ہے، میں اپنے بیٹے کو اللہ اور اس کے رسول کے واسطے معاف کرتی ہوں، والدہ کا بیان

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعرات 30 جولائی 2020 06:31

رحم دل ماں نے خود پر تشدد کرنے اور گالیاں دینے والے بیٹے کو معاف کر دیا
راولپنڈی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی 2020ء) رحم دل ماں نے خود پر تشدد کرنے اور گالیاں دینے والے بیٹے کو معاف کر دیا۔ ماں کا کہنا ہے کہ میری بہو اور میرے بیٹے نے مجھ سے معذرت کی ہے، میں اللہ اور اس کے رسول کے واسطے معاف کرتی ہوں۔ تفصیلات کے مطابق اپنی سگی ماں پر تشدد کرنے اور اسے گالیاں نکالنے والے بیٹے نے ماں سے معافی مانگ لی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ماں کا کہنا ہے کہ اس کے بیٹے اور بہو نے ان سے معافی مانگ لی ہے لہٰذا انہوں نے اللہ اور اس کے رسول کے واسطے ان کو معاف کر دیا ہے۔ تشدد کا شکار بننے والی ماں کا کہنا ہے کہ میرے بیٹے کی اس حرکت کی وجہ سے جن جن کی بھی دل آزاری ہوئی ہے ان سب سے معذرت خواں ہوں۔ انہوں نے بچوں کے لیے اللہ سے ہدایت بھی مانگی۔

(جاری ہے)

متاثرہ ماں کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے بیان حلفی دے دیا ہے، اور وہ چاہتی ہیں کہ ان کے بیٹے کے خلاف کوئی قانونی چارہ جوئی نہ ہو۔

 
واضح رہے کہ پنجاب کے شہر راولپنڈی، تھانہ صادق آباد کی حدود میں ایک بدبخت بیٹے کی جانب سے ماں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔ راولپنڈی پولیس کے مطابق تھانہ صادق آباد میں ملزم ارسلان اور اس کی بیوی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، اسی دوران والدہ پر تشدد کرنے والا ملزم ارسلان بیوی کو لے کرفرار ہو گیا تھا۔ یہ بھی یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ بھی طلب کی تھی۔ سردار عثمان بزدار نے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ ماں جیسی ہستی پر تشدد کرنے والے کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے۔