وزیراعلیٰ پنجاب نے شربت بیچ کر شاندار نمبر حاصل کرنے والے طالب علم کو انعام بجھوا دیا

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے کمشنر نے محمد حذیعہ کو 20 ہزار انعام اور گلدستہ پیش کیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 31 جولائی 2020 13:42

وزیراعلیٰ پنجاب نے شربت بیچ کر شاندار نمبر حاصل کرنے والے طالب علم ..
ملتان (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-31جولائی2020ء) شربت بیچ کر پیٹ پالنے والے یتیم بچے نے میٹرک میں شاندار کارکردگی کی انوکھی مثال قائم کردی۔کمشنر ملتان ڈویژن شان الحق نے 16 سالہ حذیفہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنا مہمان بنالیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے کمشنر نے طالب علم کو 20 ہزار انعام اور گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر کمشنر شان الحق نے کہا کہ محنت سے اپنی شناخت بنانے والے نونہار کی میزبانی پر فخر ہے۔

دہلی گیٹ کے حذیفہ نے اپنی محنت سے 1050 نمبر لیکر نہ صرف کامیابی کے جھنڈے گاڑے بلکہ اس ہونہار طالبعلم نے ثابت کیا کہ تعلیم کی دولت کسی مخصوص طبقے کی میراث نہیں۔حکومت پنجاب حذیفہ کا مستقبل تابناک بنانے کیلئے تمام سہولیات فراہم کرے گی۔اس موقع پر حذیفہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس حوصلہ افزائی اور پذیرائی کیساتھ وہ اپنی محنت اور تعلیم جاری رکھے گا اور ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کرے گا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں بچے کو اعلی تعلیم دلوانے،اپنے خوابوں کو پورا کرنے اور خاندان کی کفالت کے لیے پاکستان بیت المال نے مالی مدد کی پیشکش کی ۔جونہی یہ خبر وائرل ہوئی ، بیت المال کی ٹیم کے پاس گئی اور نوجوان لڑکے کو مالی امداد کا وعدہ کیا۔بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عون عباس بپی نے بتایا کہ فلاحی ادارے نے لڑکے سے ملاقات کی اور مالی مدد کی پیشکش کی۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بیت المال ٹیم نے شفقت پدری سے محروم، 5 بہن بھائیوں کے واحد کفیل، ملتان کے رہائشی محمد حذیفہ سے رابطہ کیا ہے۔ بیت المال کی جانب سے محمد حذیفہ کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کے ساتھ ساتھ انکو فوری مالی مدد بھی فراہم کی جائے گی۔دوسری جانب سوشل میڈیاپر بھی صارفین کی جانب سے ہونہار طالب علم کو خوب سراہا جا رہا ہے۔اور ان کے روشن مستقبل کے لیے بھی دعا کی جا رہی ہے۔
۔اس کے علاوہ شوبز اداکاروں سمیت معروف سیاستدانوں کی جانب سے بھی محمد حذیفہ کو سراہا جا رہا ہے۔