سردار محمد ابراہیم خان کی برسی کے موقع پر جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیرا ہتمام مظفرآباد میں دعائیہ تقریب کا انعقاد

جمعہ 31 جولائی 2020 20:54

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2020ء) غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی برسی کے موقع پر جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیرا ہتمام مظفرآباد میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل عطاء اللہ عطاء ، ڈائریکٹر راجہ محمد سجاد خان، حریت کانفرنس کے راہنما مشتاق السلام، عثمان علی اعوان اور دیگر مقررین نے خطاب کیا اور غازی ملت کو خراج عقیدت پیش کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل نے کہا کہ سردار محمد ابراہیم خان آزاد کشمیر کے پہلے بیرسٹر ہونے کے ساتھ ساتھ جوانی میں صدر ریاست بھی رہے۔ 1947 میں بہت مشکل حالات میں انہوں نے نہ صرف صدر ریاست کا عہدہ سنبھالا بلکہ اس نظام کی بنیاد ڈالی۔

(جاری ہے)

وہ ایک سیاستدان کے ساتھ ایک ادیب بھی تھے اور اسٹیٹس مین تھے۔ ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل راجہ محمد سجاد خان نے کہا کہ غازی ملت نے ساری زندگی اصولوں اور نظم و ضبط پر سمجوتہ نہیں کیا۔

آزاد کشمیر میں صاف ستھری سیاست اور ایمانداری کی وہ ایک مثال تھے۔ 1947 میں ڈوگرہ حکومت کے خلاف جدوجہد آزادی کو منظم کیا اور قرارداد الحاق پاکستان ان کی رہائش گاہ پر منظور ہوئی۔ سردار محمد ابراھیم خان نے سیاست میں بھی ہمیشہ اصولوں کی پیروی کی وہ ایک خوددار اور باوقار شخصیت تھے۔ مقررین نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر اور پاکستان سے ان کی وابستگی کسی شک و شبہ سے بالاتر تھی۔

تقریب میں غازی ملت کے بلندی درجات کے لیے دعا کی گئی۔مقررین نے کہاکہ غازی ملت سردار محمد ابراھیم خان کا تحریک آزادی کشمیر میں قائدانہ کردار نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہے۔ ان کی زندگی بلند کرداری، جدوجہد اور نظم وضبط سے عبارت ہے۔ غازی ملت کے گھر تحریک الحاق پاکستان منظور ہوئی اور وہ ساری زندگی اس نظریہ کی ابیاری کے لیے کام کرتے رہے۔