ٹھٹھہ واٹرسپلائی ریفرنس :آصف علی زرداری پرفرد جرم کی کارروائی 7 اگست تک ملتوی

فاروق ایچ نائیک کی عدم دستیابی کے باعث سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 4 اگست 2020 11:50

ٹھٹھہ واٹرسپلائی ریفرنس :آصف علی زرداری پرفرد جرم کی کارروائی 7 اگست ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04 اگست ۔2020ء) احتساب عدالت نے ٹھٹھہ واٹرسپلائی ریفرنس میں سابق صدرآصف علی زرداری پرفرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 7 اگست تک ملتوی کر دی ہے. آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی عدم دستیابی کے باعث سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی عدالت نے آصف زرداری کی ریفرنس خارج کرکے بری کرنے کی درخواست پر قومی احتساب بیورو(نیب) سے جواب طلب کرلیا ہے.

گزشتہ سماعت پرعدالت حکم دیا تھا کہ قومی احتساب بیور(نیب) بلاول ہاﺅس میں ویڈیو لنک کا انتظام کرے احتساب عدالت نے آصف زرداری کے شریک ملزم اشفاق لغاری کو اشتہاری قرار دے کرمقدمہ الگ کردیا ہے.

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ٹھٹھہ واٹرسپلائی ریفرنس میں نوڈیرو ہاﺅس کےانچارج ندیم بھٹو کو گرفتار کیا گیا تھا ندیم بھٹو سے تفتیش کے بعد آصف زرداری کو ملزم نامزد کیا گیا تھا ریفرنس میں بتایا گیا ہے کہ ٹھٹھہ واٹرسپلائی کے غیرقانونی ٹھیکے دیئے گئے، ٹھیکوں کے نتیجے میں رقم جعلی اکاﺅنٹس کے ذریعے ندیم بھٹوکے اکاﺅنٹس میں آتی رہی اور ندیم بھٹو اس رقم سے نوڈیرو ہاﺅس کا انتظام چلاتے رہے.

احتساب عدالت اسلام آباد میں جعلی اکاﺅنٹس کیسز کی سماعت کے دوران نیب کی جانب سے بتایا گیا کہ سندھ بینک کرپشن کیس میں یونس قدوائی کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے اور شناختی کارڈ بھی بلاک ہے نیب نے عدالت کا آگاہ کیا کہ یونس قدوائی کے بیرون ملک فرار سے متعلق ریکارڈ اکٹھا کیا جا رہا ہے. عدالت نے سابق صدر سندھ بینک بلال شیخ سمیت 8 ملزمان کی درخواست بریت پر فیصلہ 7 ستمبر تک موخر کردیا ہے عدالت نے 7 ستمبر تک مفرور ملزم یونس قدوائی کا سفری ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے.