بزنس کمیونٹی سے رابطے اور مسائل کے حل کیلئے یو بی جی آفس کا قیام،ایس ایم منیر

کے ہاتھوں افتتاح فیڈریشن الیکشن میں تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کریں گے،ایس ایم منیر،انجم نثار فیڈریشن کا خزانہ لٹا رہے ہیں،زبیرطفیل خالدتواب،حسیب خان،نوراحمدخان،اختیاربیگ کا اظہار خیال،عمرریحان،اشرف مایا،احمدچنائے،زاہدسعید اور دیگر بھی موجود تھے

جمعہ 7 اگست 2020 19:17

بزنس کمیونٹی سے رابطے اور مسائل کے حل کیلئے یو بی جی آفس کا قیام،ایس ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2020ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سربراہ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی میں اقتدار میں آنے کے بعد سے فیڈریشن میں برسراقتدار بزنس مین پینل کی ناقص کارکردگی نے پاکستان کی بزنس کمیونٹی کیلئے مزید مشکلات پیدا کردی ہیں،فیڈریشن کا براحال ہے اور ہم نے فیڈریشن چیمبر آف کامرس کی کارکردگی کوجس بلند ترین مثبت سطح پر چھوڑا تھا اب وہ چند ماہ میں ہی زمین پر آن گری ہے،ہم نے یو بی جی کا آفس کراچی میں اس لئے قائم کیا ہے تاکہ یو بی جی کے ممبران وعہدیداران بزنس کمیونٹی کے کام کرسکیں،ہم اس سال دسمبر2020 میں فیڈریشن الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے اور تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کریں گے۔

انہوں نے یہ بات شہیدملت روڈ ،بلوچ کالونی پر یو بی جی آفس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یو بی جی کے سیکریٹری جنرل زبیرطفیل،چیئرمین سندھ ریجن خالدتواب،سیکریٹری جنرل سندھ مرزااختیار بیگ، سینیٹر عبدالحسیب خان،عبدالسمیع خان،،شیخ عمرریحان،احمدچنائے، نور احمد خان ،زاہدسعید،فرحان الرحمان،اشرف مایا ،سلمان اسلم اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ ہم نے یو بی جی کو مکمل طور سے فعال کردیا ہے اور پچھلے دنوں میں نے زبیرطفیل اور خالدتواب کے ساتھ راولپنڈی اور اسلام آباد کا کامیاب دورہ کیا اور وہاں کے تمام تاجر لیڈران ایف پی سی سی آئی میں بزنس مین پینل کی بدترین کارکردگی سے تنگ ہیں جبکہ بزنس کمیونٹی برسراقتدار بزنس مین پینل کے لوگوں کی شکل دیکھنا بھی نہیں چاہتی۔

انہوں نے کہا ہے کہ یو بی جی کو فعال کیا جائے اس لئے ہم نے پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی کی فرمائش پر گروپ کے تمام رہنما اور کارکنان جنگی بنیادوں پرکام شروع کررہے ہیں اور دفتر کا قیام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ،دفتر میں مکمل اسٹاف ہوگا اور باضاطہ ایک سیکریٹری کا بھی تقرر کرلیا گیا ہے تاکہ وہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کو یکجا کرکے حکومت تک پہنچائے اور انہیں حل کرایا جاسکے۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ ہمارے گروپ نے پانچ سال فیڈریشن کے اقتدار میں رہ کر بزنس کمیونٹی کے کام کرائے اور ہمارے تمام صدور کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔انہوں نے یو بی جی دفتر کے قیام کیلئے ملک خدا بخش،اشرف مایا اور سلمان اسلم کا شکریہ ادا کیا اور ملک خدابخش کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ زبیرطفیل نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے صدر انجم نثار فیڈریشن کا صدر بننے کے بعد لاہور سے باہر نکلنے سے ہی خوفزدہ ہیں اور وہ بمشکل دوبار کراچی آئے،انہیں بزنس کمیونٹی کے مسائل سے کوئی غرض نہیں ہے ایسا لگتا ہے کہ جیسے وہ کورونا کے مسائل حل کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم جب فیڈریشن سے نکلے تو14کروڑ روپے وہاں کے خزانے میں چھوڑے تھے لیکن اب فیڈریشن کا خزانہ لٹایا جارہا ہے،انجم نثار نے دوکروڑ روپے فیڈریشن سے جنرل باڈی سے پوچھے بغیروزیراعظم کے فنڈ میں دے دیئے اگر انہیں یہ رقم دنیا ہی تھی تو اپنی جیب سے دیتے،یہ رقم بزنس کمیونٹی کی امانت ہے جس میں خیانت کی گئی ہے۔خالدتواب نے کہا کہ یو بی جی کے خاتمے کا خواب دیکھنے والے جاگ جائیں کیونکہ انکے ہاتھو ں کے طوطے اڑنے والے ہیں، ہمارے گروپ کے تمام کارکنان نے پاکستان کے تمام شہروں میں کام شروع کردیا ہے اور ہمیں رپورٹ مل رہی ہیں کہ فیڈریشن میںموجودہ برسراقتدار بزنس مین پینل بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکا ہے۔

سینیٹڑ عبدالحسیب خان نے کہا کہ ہم کمزور نہیں پڑے بلکہ کورونا کے آنے سے سرگرمیاں منظر عام پر نہ آسکیں ۔اس موقع پراختیار بیگ اور نوراحمدخان نے بھی اظہار خیال کیا اور یو بی جی کو فعال کرنے کا عزم دہرایا۔