برازیل میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کر گئی

امریکہ کے بعد برازیل دوسرا ملک بن گیا ہے جہاں مہلک کورونا وائرس کے باعث 1 لاکھ سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر اتوار 9 اگست 2020 06:12

برازیل میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز ..
برازیلیہ (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اگست 2020ء) برازیل میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ امریکہ کے بعد برازیل دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے جہاں مہلک کورونا وائرس کے باعث 1 لاکھ سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق برازیل میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ برازیل امریکہ کے بعد کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل میں مہلک کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 477 تک جا پہنچی ہے۔ ہلاکتوں کے اعتبار سے امریکہ بدستور پہلے نمبر پر ہے جہاں جان لیوا وائرس اب تک 1 لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد کی جانیں لے چکا ہے۔

(جاری ہے)

کورونا وائرس کے کیسز کا جائزہ لیا جائے تو امریکہ میں اب تک مجموعی طور پر 51 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہو چکے ہیں جبکہ اس فہرست میں بھی برازیل کا دوسرا نمبر ہے جہاں اب تک 30 لاکھ سے زائد افراد مہلک کورونا وائرس کا نشانہ بن چکے ہیں۔

بھارت اس حوالے سے تیسرا بڑا ملک بن کے سامنے آیا ہے جہاں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کی تعداد میں مسلسل اور تیزی کے ساتھ اضافہ ہوا ہے۔ بھارت میں اب تک 20 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 42 ہزار سے زائد ہے۔ 
 
لاطینی امریکہ میں کورونا وائرس کے کیسز میں اتنی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے کہ متاثرین کی تعداد یورپی ممالک سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایگزیکٹو ایکشن پر دستخط کر دیے ہیں جس کے تحت کورونا وائرس سے شدید متاثرہ ممالک کی مالی اعانت میں توسیع کی گئی ہے۔