-پلانٹ فار پاکستان مہم ،پشاور میں چار لاکھ پودے لگا دئیے گئے،ڈپٹی کمشنر محمد علی اصغر

اتوار 9 اگست 2020 20:00

؁پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اگست2020ء) صوبائی دارلحکومت پشاور میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے حوالے سے اتوار کے روز چار لاکھ پودے لگا دیے گئے۔ اس حوالے سے مرکزی تقریب کا انعقاد ریگی کے علاقے میں کیا گیا تھا جہاں پر وزیر آعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پودا لگایا۔ تقریب میں صوبائی وزراء ، ممبران صوبائی اسمبلی، سیکریٹری جنگلات، کمشنر پشاور ڈویژن امجد علی خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اشفاق خان سمیت دیگر محکموں کے افسران و اہلکاران، ٹائیگر فورس کے ممبران، طلباء اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ شجر کاری مہم میں شریک لوگوں کے جذبات خصوصاًً ٹائیگر فورس کا ولولہ قابل ستائش ہے۔

(جاری ہے)

صوبے کے عوام اور متعلقہ محکموں کے لیے شجر کاری نئی چیز نہیں، ہم پچھلے پانچ سالوں سے ایک ارب بیس کروڑ پودے لگا چکے ہیں۔ اس موقع پر دیگر شرکاء نے بھی شجر کاری مہم کے فوائد کے بارے میں بتایا۔ پشاور کے مختلف علاقوں میں ضلعی انتظامیہ افسران کی زیر نگرانی محکمہ جنگلات کے تعاون سے شجر کاری مہم کے تحت چار لاکھ پودے لگائے گئے جس کے لیے پہلے سے انتظامات مکمل کیے گئے تھے اوران مقامات تک محکمہ جنگلات کی نرسریوں سے فری پودے مہیا کیے گئے تھے۔

اس مہم میں ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی ٹائیگر فورس کے ممبران، محکمہ جنگلات ، پولیس، تعلیم، لوکل گورنمنٹ، ٹی ایم ایز، پی ڈی اے، سول ڈیفنس، ریونیو ، طلباء اور دیگر محکموں کے افسران و اہلکاران اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ارمڑ کے علاقے میں بھی ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی پودے لگائے گئے جبکہ سکولوں ، پولیس سٹیشنوں، سرکاری دفاتر ، بی ایچ یوز سمیت دیگر جگہوں میں بھی پودے لگائے گئے۔ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مون سون شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اس مہم کو کامیاب بنائیں تاکہ پاکستان کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے