Live Updates

پاکستان اور سعودی عرب میں غلط فہمیاں دور ہوگئی ہیں، شیخ رشید

آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کل سعودی عرب جائیں گے، عثمان بزدار کہیں نہیں جا رہا، عمران خان وزیراعلیٰ کے ساتھ کھڑا ہے، اپوزیشن کوئی تحریک نہیں چلاسکتی، عمران خان کی حکومت پانچ سال پورے کرے گی۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 15 اگست 2020 13:25

پاکستان اور سعودی عرب میں غلط فہمیاں دور ہوگئی ہیں، شیخ رشید
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 اگست 2020ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب میں غلط فہمیاں دور ہوگئی ہیں، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کل سعودی عرب جائیں گے، عثمان بزدار کہیں نہیں جا رہا، عمران خان وزیراعلیٰ کے ساتھ کھڑا ہے، اپوزیشن کوئی تحریک نہیں چلاسکتی، عمران خان کی حکومت پانچ سال پورے کرے گی۔انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف جارہی ہے، کورونا صورتحال میں بہتری کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے، اسمارٹ لاک ڈاؤن دنیا میں بہتر لاک ڈاؤن قرار دیاگیا۔

سب سے بدتر صورتحال انڈیا کی ہے،پچھلے ہفتے سے ایک ہزار لوگ روزانہ انڈیا میں مررہے ہیں، ساٹھ ہزار کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ انڈیا ، اب امریکا اور برازیل سے بھی آگے نکل گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب آموزدہ، حقیقی اور دل کے قریب دوست ہے۔سعودی عرب کے ساتھ تھوڑی بہت غلط فہمیاں دور ہوچکی ہیں۔آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کل سعودی عرب جائیں گے۔

پاکستان سعودی عرب سے دوستی کو آگے لے کر بڑھے گا۔یواے ای نے جو فیصلہ کیا ہے کہ اس پردفتر خارجہ نے جواب دے دیا ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ عثمان بزدار کہیں نہیں جا رہا، عثمان بزدار کے ساتھ عمران خان کھڑا ہے، جب تک عمران خان بزدار کے ساتھ کھڑا ہے، ستے ای خیراں ہیں۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ مریم نواز نے پتھراؤ والا جلوس نکالا ہے، وہ چاہتی ہیں، میرے ساتھ شہباز شریف بھی نااہل ہوجائیں۔

پنڈی سے بھی کارکنوں سے بھری ویگنیں پتھراؤ کرنے گئی۔ اس کا نقصان مریم نواز کو ہوگا،آج نوازشریف جہاں ہے، مریم نواز کی وجہ سے ہے۔ اب شہباز شریف کو بھی اسی جگہ پہنچانا چاہتی ہیں۔ حمزہ شہباز کا کیس بڑا سنجیدہ ہے، اچھا اپوزیشن نے اے پی سی کی جو تاریخ دینی تھی وہ نہیں دے رہے، محرم کے بعد پھر بارہ ربیع الاول آجائے گا۔ فضل الرحما ن کو کہنا چاہتا ہوں جاگتے رہنا، ان کو صرف این آر او چاہیے، یہ چاہتے ہیں نیب کو ختم کردیا جائے، یعنی ان کے کیسز ختم کردیے جائیں۔

نیب میں2620کیسز ہیں، چیف جسٹس نے بڑا اچھا حل دیا ہے، کہ 120عدالتیں قائم کی جائیں تو حل ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کوئی تحریک نہیں چلاسکتی، عمران خان پانچ سال پورے کرے گی، میں عمران خان کو موجودہ اپوزیشن کے ہاتھوں زچ ہوتے نہیں دیکھ رہا، بلکہ اپوزیشن زچ ہوگی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات