گلگت ، سٹریٹ کرائم کے دوران تاجر کو قتل، تاجروںکا سٹی تھانہ گلگت کے سامنے احتجاج

جمعرات 27 اگست 2020 12:01

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اگست2020ء) گلگت کنوداس میں سٹریٹ کرائم کے دوران تاجر کو قتل کرتے ہوئے قاتل فرار ہو گیا، جس کے بعد تاجروں نے سٹی تھانہ گلگت کے سامنے سڑک پر لاش رکھ کر احتجاج کیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق کنوداس میں سب سٹیشن کی گلی میں 20 سالہ تاجر الطاف ولد عبد الرحمان ساکن مہمند ایجنسی کو نامعلوم نقاب پوش افراد نے گن پوائنٹ پر روک کر موبائل چھیننے کی کوشش کی۔

تاجر الطاف نے موبائل دینے کی بجائے وہاں سے بھاگنے کی کوشش جس پر ڈاکوئوں نے فائر کردیا، گولیاں تاجر الطاف کی ریڑھ کی ہڈی اور ٹانگوں پر لگیں۔ موقع پر موجود افراد نے زخمی تاجر کو فوری طور پر پی ایچ کیو ہسپتال پہنچایا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملا۔

(جاری ہے)

پوسٹ مارٹم کے بعد تاجراحتجاجی جلوس کی شکل سٹی تھانے کے پاس پہنچے اور ’’قاتلوں کو گرفتار کرو‘‘ کے نعرے لگائے۔

اور سڑک پر دھرنا دیا احتجاجی دھر نے سے پختون سوشل ویلفئر آر گنائزیشن کے صدر اظہر علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظلو م تاجر این ایل آئی مارکیٹ میں رزق حلال کما رہا تھا کنوداس سب سٹیشن کی گلی میں گن پوائنٹ پر موبائل چھیننے کے دوران نا معلوم ملزمان کی گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ محرم الحرام کا مقدس مہینہ اور عاشورہ محرم کے قریب ایسا اقدام علاقے کے پر امن ماحول کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جس کسی نے بھی یہ اقدام اٹھایا ہے وہ رحم کے قابل نہیں ہے لہذا قانون نافذ کرنے والے ادارے فورا قاتلوں کو گرفتا ر کر کے قرارواقعی سزا دیں تاکہ فوری اور سستا انصاف مل سکے اس دوران مظاہرین سے ڈی سی اور ایس ڈی پی او نے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ قاتلوں کو گرفتار کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں گے جس پر مظاہرین پر امن طور پر منتشرہوگئے۔