مولانا حامد الحق حقانی کا کراچی، اسلام آباد اور ملک کے دیگر شہروں میں صحابہ کرام رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین کی گستاخی اور طعن و تشنیع کے واقعات کی شدید مذمت

جمعہ 4 ستمبر 2020 22:59

ٓنوشہرہ کینٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 ستمبر2020ء) جمعیت علما اسلام (س)کے امیر دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی نے یوم دفاع صحابہ کرام کی مناسبت سے اپنے جاری بیان میں کراچی، اسلام آباد اور ملک کے دیگر شہروں میں صحابہ کرام رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین کی گستاخی اور طعن و تشنیع کے واقعات کی شدید مذمت کی مولانا حقانی نے کہا کہ یہ واقعات امت مسلمہ کی دل آزاری کیساتھ ساتھ امت محمدی کو مشتعل کرنے کا سبب بنے ہیں۔

حکومت گزشتہ کچھ عرصہ سے ہونے والے ان گستاخانہ واقعات کے سرغنوں کی اگر بروقت سرکوبی کرتی تو مسلماناں وطن کے جذبات اس طرح مجروح نہ ہوتے اور نہ ہی ملک میں فرقہ ورانہ تعصب کی حالیہ فضا پیدا ہوتی۔

(جاری ہے)

مولانا حقانی نے تمام مکاتب فکر کیساتھ ملکر مستقبل کیلئے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے تقدس و حرمت کے تحفظ کے لئے مستقل قانون سازی اور عملا مجرموں کو سزا دلوانے کے لئے ٹھوس لائحہ عمل اختیار کرنے کی اپیل کی مولانا حقانی نے اہل تشیع کے زمہ دار رہنماوں سے ان واقعات کا سنجیدگی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

مولانا حقانی نے کہا کہ ملک دشمن عناصر ان واقعات کے ذریعے پاکستان کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں جن کی یہ خواہش نہ پہلے کامیاب ہوئی اور نہ ہی آئندہ کامیاب ہوگی