ملکی تاریخ میںپہلی مرتبہ سکوک کے ذریعے دو سو ارب روپے مارکیٹ کی شرح سود سے کم پر جمع کیے،حفیظ شیخ

اس سے دس برسوں میں قرضے کی ادائیگی میں اٹھارہ ارب روپے کی بچت ہو گی پاکستان انرجی سکوک دوئم کی کامیابی وزارت خزانہ کے ڈیبٹ آفس، اسٹیٹ بینک ، سیکوریٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے،مشیرخزانہ

پیر 7 ستمبر 2020 23:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 ستمبر2020ء) مشیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میںپہلی مرتبہ سکوک کے ذریعے دو سو ارب روپے مارکیٹ کی شرح سود سے کم پر جمع کیے ہیں،دس برسوں میں قرضے کی ادائیگی میں اٹھارہ ارب روپے کی بچت ہو گی،پاکستان انرجی سکوک دوئم کی کامیابی وزارت خزانہ کے ڈیبٹ آفس، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، سیکوریٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے زیر انتظام پاور ہولڈنگ لمیٹڈ کے دو سو ارب روپے مالیت کے پاکستان انرجی سکوک دوئم کی کامیاب بک بلڈنگ اور لسٹنگ کے لیے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے زیر انتظام ہونے والا بک بلڈنگ کا مرحلہ ایک نمایاں پیش رفت تھی جو 19 مئی 2020کو اختتام پذیر ہوا تھا جبکہ سکوک کی لسٹنگ 28 مئی 2020 کو ہوئی۔

(جاری ہے)

تقریب کا اہتمام اس نمایاں پیش رفت کے سلسلے میں کیا گیا جس میں بک بلڈنگ اور لسٹنگ کے ذریعے پہلی مرتبہ سرمایہ اکٹھا کرنے کے لیے ڈیٹ کے اجرائ Debt Issuance کا مرحلہ طے کیا گیا۔ وزیر اعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب کے دوسرے مہمانان گرامی میں سیکوریٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن ا?ف پاکستان (ایس ای سی پی ) کے چیئرمین عامر خان، گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر باقر رضا، چیئرمین پاکستان اسٹاک ایکسچینج سلیمان ایس مہدی اور اسٹاک ایکسچینج بورڈممبرز ، منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان اسٹاک ایکسچینج فرخ ایچ خان، چیئرمین پاکستان اسٹاک بروکرز ایسوسی ایشن عقیل کریم ڈھیڈی، کراچی اسٹاک ایکسچینج کے سابق صدور عارف حبیب اور جہانگیر صدیقی، صدر و چیف ایگزیکٹو نیشنل بینک آف پاکستان عارف عثمانی، ٹورس سیکورٹیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زین حسین، صدر و چیف ایگزیکٹو آفسر میزان بینک عرفان صدیقی، ہیڈ آف ٹریڑری دبئی اسلامک بینک نعیم اللہ، صدر و چیف ایگزیکٹو آفسرالفلاح بینک عاطف باجوہ کے علاؤہ بینکوں اور اداروں کے سینیئر عہدیداران شامل تھے تقریب کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ایم ڈی فرخ ایچ خان نے اپنے خطاب میں تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا جس کے بعد مہمان خصوصی کی جانب سے اسٹاک مارکیٹ کا روایتی گھنٹا بجا کر مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز کیا گیا، بعد ازاں چیئرمین سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے خطاب کیا۔

مہمان خصوصی ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے سکوک کے اجرا کے کامیاب انعقاد پر پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی بہترین کارکردگی اور اسے ایشیا کی سب سے بہترین مارکیٹ کا اعزاز حاصل ہونے پر اس کی انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستان اور کراچی کو درپیش چیلنجوں کے باوجود اسٹاک ایکسچینج کی کارکردگی کو غیر معمولی قرار دیا۔

انہوں نے کہا پاکستان انرجی سکوک دوئم کی کامیابی وزارت خزانہ کے ڈیبٹ آفس، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، سیکوریٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ سکوک کے ذریعے دو سو ارب روپے مارکیٹ کے شرح سود سے کم پر جمع کیے ہیں جو مسابقتی بک بلڈنگ کے ذریعے ممکن ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح دس برسوں میں قرضے کی ادائیگی میں اٹھارہ ارب روپے کی بچت ہو گی۔ تقریب میں سکوک کے اجرا کے مرحلے کے شامل تمام شراکت داروں میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیئرمین اور ایم ڈی نے مہمان خصوصی مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کا شکریہ ادا کیا۔ فرخ ایچ خان نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی جانب سے پاور ہولڈنگ کے پاکستان انرجی سکوک دوئم کی باقاعدہ لسٹنگ کے افتتاح کو اسٹاک ایکسچینج کے لیے ایک اعزاز قرار دیا۔

فرخ ایچ خان نے کہا کہ بک بلڈنگ سے لے کر لسٹنگ تک کا مرحلہ نہ صرف اسٹاک ایکسچینج اور کیپٹل مارکیٹ بلکہ پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاور ہولڈنگ کی جانب سے بک بلڈنگ اور لسٹنگ دوسری کمپنیوں کو بھی اسٹاک مارکیٹ کے ذریعے سرمایہ جمع کرنے کے رجحان کی حوصلہ افزائی کرے گی جو کم لاگت پر دستیاب ہے اور سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش ہے پاور ہولڈنگ لمٹیڈ کا پاکستان انرجی سکوک دوئم پیسے اٹھانے کا شرعی مالیاتی طریقہ کار ہے جو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے توسط سے بک بلڈنگ کے ذریعے انجام دیا گیا۔

اس بک بلڈنگ نے سرمایہ کاروں کو اپنی جانب مبذول کیا۔ اس کی کامیابی کا اندازہ سرمایہ کاروں کی ہدف سے 70 فی صد سے زیادہ دلچسپی تھی یعنی دوسو ارب روپے کے ہدف سے 139ارب زیادہ کی پیش کشیں تھیں۔ اس سکوک کی مدت ادائیگی دس سال ہے جس میں سرمایہ کاروں کو ششماہی منافع دیا جائے گا۔ سکوک میں سرمایہ کاری کی ضامن حکومت پاکستان ہے۔پاکستان سکوک انرجی دوئم کی کامیابی میں اسٹاک ایکسچینج کے ساتھ نیشنل بینک آف پاکستان اور ٹورس سیکورٹیز کا بھی نمایاں کردار تھا۔#