انسداد تمباکو نوشی کی ضلعی کمیٹی کا اجلاس، تمباکو نوشی کے خلاف مروجہ قوانین پر عمل درآمد کا تفصیلی جائزہ، اہم فیصلے

جمعرات 10 ستمبر 2020 19:23

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2020ء) انسداد تمباکو نوشی کی ضلعی کمیٹی کا اجلاس جمعرات کے روز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہاب محمد خان کی صدارت میں منعقد کیا گیا جس میں ضلع بھر میں تمباکو نوشی کے خلاف مروجہ قوانین پر عمل درآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صوبائی قوانین پبلک مقامات و ٹرانسپورٹ اور دفاترو تعلیمی اداروں وغیرہ میں تمباکو نوشی کی ہر گز اجازت نہیں دیتے اس لیے ان مقامات پر سگریٹ نوشی اور دیگر اقسام کی تمباکونوشی کی ممانعت کے لئے پہلے سے زیادہ سخت اقدامات کی ضرورت ہے اور انسدا د تمباکو نوشی کے قوانین پر پولیس کی مدد سے ہی عملدرآمد ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کو انسداد تمباکو نوشی قوانین سے آگاہ کرنے کی بھی ضرورت ہے تاکہ ہر فرد اپنے اردگرد تمباکو نوشی کرنے والے افراد کی حوصلہ شکنی کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس بارے میں مطلع کر سکے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمباکو نوشی کے انسداد کے لیے عام لوگوں کو اس کے منفی اثرات سے آگاہ کرنے کی غرض سے آگاہی مہم بھی شروع کی جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نوجوانوں کو تمباکو نوشی سے دور رکھنے کے لیے طلباء وطالبات کے لیے بھی خصوصی آگاہی مہم چلا ئی جائے گی جبکہ تعلیمی اداروں کے نزدیک سگریٹ و تمباکو مصنوعات کی خرید و فروخت روکنے کے لیے بھی سخت اقدامات کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :