اپنا اقتدار بچانے کیلئے مظلوموں کا خون بہانا یزیدیت اور ظالمانہ نظام کے خلاف ڈٹ جانا حسینیت ہے،منہاج القرآن ویمن لیگ

جمعرات 10 ستمبر 2020 23:25

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 ستمبر2020ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کی نائب صدر محترمہ عائشہ ندیم نے کہا ہے کہ اپنا اقتدار بچانے کیلئے مظلوموں کا خون بہانا یزیدیت اور ظالمانہ نظام کے خلاف ڈٹ جانا اور اپنا سب کچھ قربان کر دینا حسینیت ہے ، سیدہ زینب ؑ صبر ،جرات اور استقامت کا پیکر تھیں،سانحہ ماڈل ٹائون اور انقلاب مارچ میںہماری خواتین کی قربانیاں انہی کے قدموں کی خیرات ہیں،پاکستان کو ریاست مدینہ کا عکس بنانے کیلئے مردوں کو امام حسین ؑ اور خواتین کو سیدہ زینب ؑ کی مقدس سیرت کی پیروی کرنا ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منہاج اسلامک سینٹر کری روڈمیںمحفل ذکر اہل بیت ؑ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں شہر بھر سے کثیرتعداد میں خواتین شریک ہوئیں ۔

(جاری ہے)

عائشہ ندیم نے کہاکہ وطن عزیز میں ہندی اور مغربی ثقافتی یلغار کی وجہ سے ہماری خواتین تیزی سے دین سے دور ہورہی ہیں،اگر ہم اپنی دنیاء و آخرت سنوارنا چاہتے ہیں تو ہمیں خواتین اہل بیت ؑ کے طرز زندگی کو اپنا شعار بنانا ہو گا ،مائیںاچھی سیرت اپنائیں گی تو اگلی نسلیںبھی اعلیٰ کردار کی حامل ہوں گی، اسلام کا مقصود ہر استحصال سے پاک ایک مثالی انسانی معاشرے کا قیام ہے ،بدقسمتی سے ملکی آبادی کا نصف ہونے کے باوجود خواتین کو تعلیم وتربیت کے انتہائی کم مواقع میسرہیں،منہاج ویمن لیگ خواتین کو اسلامی سانچے میں ڈھالنے کیلئے ملک بھر میں سرگرم عمل ہے۔

ہال کے باہر ڈاکٹر طاہرا لقادری کی تصانیف ،اسکارف اور عبایا کے سٹال بھی لگائے گئے تھے