افغان صوبہ خوست میں منگنی کی تقریب کے دوران موٹرسائیکل میں نصب بم زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا‘ 4 افغان شہری جاں بحق‘ 8 زخمی

صوبہ ننگرہار کے ضلع خوگیانی کے علاقے میں مسلح شدت پسندوں نے افغان فورسز کی تین چیک پوسٹوں پر حملہ کرکے 16 سیکیورٹی افسروں اور اہلکاروں کو ہلاک کردیا

جمعہ 11 ستمبر 2020 16:58

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2020ء) پاک افغان سرحد پر واقع افغان مشرقی صوبہ خوست میں منگنی کی تقریب کے دوران موٹرسائیکل میں نصب بم زوردار دھماکہ سے پھٹنے سے کم از کم 4 افغان شہری جاں بحق اور 8 دیگر زخمی ہوگئے جبکہ صوبہ ننگرہارمیں شدت پسندوں نے افغان سیکیورٹی کی چیک پوسٹوں پر ددھاوابول کر16 سیکیورٹی افسروں و اہلکاروں کو ہلاک کردیا ہے ۔

یہاں موصولہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ شب صوبائی دارالحکومت خوست کے مرکزی شہر کے نواحی علاقے سترکلی میں منگنی کی ایک تقریب کے موقع پر محفل موسیقی کا ہتمام کیا گیاتھا۔صوبائی پولیس کے ترجمان عادل حیدرکے حوالے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ رات ساڑھے بجے اٴْس وقت پیش آیا جب منگنی کی تقریب کے قریب کھڑی موٹرسائیکل میں نصب بم کا زوردار دھماکہ ہوا جس کی زدمیں آکر کم از کم چار افغان شہری جاں بحق اور آٹھ دیگر شدید زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

ادھر ایک مقامی افغان شہری نے بم دھماکہ میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد دس سے زائد بتائی تاہم سرکاری طورپرچار افغان شہریوں کی تصدیق کی گئی۔واقعہ کے بارے میں تاحال کسی تنظیم نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ادھر غیرملکی میڈیا کے مطابق پاک افغان سرحدپر واقع ایک اور صوبہ ننگرہار کے ضلع خوگیانی کے علاقے میں مسلح شدت پسندوں نے افغان فورسز کی تین چیک پوسٹوں پر حملہ کرکے 16 سیکیورٹی افسروں اور اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔سرکاری طورپر واقعہ کے بارے بیان جاری نہیں کیا گیا ۔