ایران میں حکومت مخالف ریسلنگ کے چیمپئن نوید افکاری کو سزائے موت دے دی گئی

ریسلر کو سزائے موت نہ دینے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے 27 سالہ نوجوان ریسلر کی زندگی تباہ نہ کرنے کی اپیل بھی کی تھی

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر اتوار 13 ستمبر 2020 04:02

ایران میں حکومت مخالف ریسلنگ کے چیمپئن نوید افکاری کو سزائے موت دے ..
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 ستمبر2020ء) ایران میں حکومت مخالف ریسلنگ کے چیمپئن نوید افکاری کو سزائے موت دے دی گئی۔ 27 سالہ نوید افکاری ریسلنگ کے چمپئن تھے اور 2018ء میں حکومت مخالف مظاہروں میں شامل ہوئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق ایران میں حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے دوران سیکیورٹی گارڈ کو قتل کرنے کے الزام میں ریسلنگ کے ملکی چمپئن کو سزائے موت دے دی گئی ہے۔

ایران کے سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق ملک کے نوجوان چمپئن ریسلر نوید افکاری کی سزائے موت پر عمل درآمد کردیا گیا ہے۔ ریسلر کو سزائے موت نہ دینے کے لیے کچھ روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹوئیٹ بھی کی تھی جس میں ایرانی حکومت سے 27 سالہ نوجوان ریسلر کی زندگی تباہ نہ کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

 

صوبے فارس کے جج کاظم موسوی نے سرکاری ٹیلی وڑن کو بتایا کہ نوید افکاری کو 2018ء میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران سیکیورٹی گارڈ حسن ترکمان کو تیز دھار آلے سے بار بار ضربیں لگا کر قتل کرنے پر شیراز کی عدیل آباد جیل میں سزائے موت دی گئی ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے نوجوان ریسلر کو سزائے موت پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ریسلر نوید افکاری اور ان کے بھائی کو حکومت مخالف مظاہروں میں شرکت کرنے کی سزا دی گئی ہے، یہ آزادی اظہار رائے کی بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ واضح رہے کہ ریسلنگ کے جواں سالہ قومی چیپمئن نوید افکاری کے ٹرائل پر ایرانی حکومت شدید دباؤ کا شکار تھی اور یہ دباؤ نہ صرف اندرونی تھا بلکہ عالمی سطح پر بھی ایران کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ ایک وقت میں حالات یہاں تک جا پہنچے تھے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی مداخلت کرنا پڑی، لیکن ایرانی حکام نے تمام تر دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے بالآخر نوید افکاری کو سزائے موت دے دی ہے۔