زیادتی کیس میں نامزد ملزمان کو نامرد بنانے کے بل کی منظوری دینے کا معاملہ

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر فیصل واوڈا نے بل کے مسودے پرکام شروع کردیا

Hassan Shabbir حسن شبیر پیر 14 ستمبر 2020 21:56

زیادتی کیس میں نامزد ملزمان کو نامرد بنانے کے بل کی منظوری دینے کا معاملہ
اسلام آباد (اردو پوائنٹ-اخبارتازہ ترین 13ستمبر2020ء) وزیر اعظم عمران خان نے "نامرد بل" کی حمایت کرتے ہوئے بل کی منظوری دی ہے۔ وفاقی وزیر فیصل واوڈا مسودے پر کام کریں گے اور جلد مسودہ قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں ایسے قوانین ہونے چاہیئے تھے کہ کہ مجرم کسی بھی صورت دوبارہ یہ گھناؤنا جرم نہ کرے، انھوں نے کہا کہ ایسے عمل کے لیے کسی نئے قانون کی ضرورت ہے جس پر کام کیا جائے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ ملک میں ایسے قوانین موجود نہیں ہیں جن سے ایسے ملزمان کے خلاف کوئی سخت کارروائی عمل میں لائی جاسکے، ملزم عابد علی قبل ازیں 2013 میں بھی ایسے مقدمات میں ملوث تھا اس نے ڈکیتی، زنا بلجبر بھی کیا لیکن ملک میں قوانین نہ ہونے کی وجہ سے وہ دندناتا پھر رہا ہے، اگر تب ہی اسکے جرائم کی سزا اس کو دی جاتی تو وہ کبھی بھی دوبارہ یہ حرکت کرنے کے لیے معاشرے میں موجود نہ ہوتا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ ملک بھر میں زیادتی کیس میں نامزد ملزمان کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ وزیراعظم سمیت ملک بھر میں زیادہ تعداد میں عوام سزائے موت کی حمایت میں ہیں جبکہ کئی وفاقی وزراء اور انسانی حقوق کی نتظیمیں اس بل کی مخالفت میں بھی میدان میں ہیں، وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری، پی پی پی کے مرکزی رہنما اعتزاز احسن، چئیرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے سزائے موت کی مخالفت کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز عمل کہا ہے۔