کراچی سمیت سندھ بھر میں تعلیمی ادارے کھل گئے

جامعات اور کالجوں کے ساتھ ساتھ نویں اور دسویں جماعت کی کلاسوں کا آغاز ہو گیا تعلیمی اداروں میں داخلے کے مقام پر طلبہ کے درمیان سماجی فاصلہ رکھنے کے لیے نشان بنائے گئے ہیں

منگل 15 ستمبر 2020 17:06

کراچی سمیت سندھ بھر میں تعلیمی ادارے کھل گئے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2020ء) کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا وائرس کی وبا کے سبب بند ہونے والے تعلیمی ادارے منگل سے مرحلہ وار کھلنا شروع ہو گئے۔ جامعات اور کالجوں کے ساتھ ساتھ نویں اور دسویں جماعت کی کلاسوں کا آغاز ہو گیا ہے۔تعلیمی اداروں میں داخلے کے مقام پر طلبہ کے درمیان سماجی فاصلہ رکھنے کے لیے نشان بنائے گئے ہیں، واک تھرو جراثیم کش گیٹ نصب کیے گئے ہیں، اس موقع پر اسپرے اور سینی ٹائز بھی کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں نویں ، دسویں تک سرکاری و نجی اسکول، مدارس، کالج اور جامعات کھل گئیں اور کورونا وائرس سے بچنے کی ایس او پیز پر عمل درآمد کے ساتھ تدریسی عمل کا آغاز ہو گیا۔وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ صوبے میں تمام تعلیمی ادارے 15 سے 30 ستمبر کے دوران کھول دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ہائی اسکول سے جامعات تک کھولی جائیں گی، 22 ستمبر سے چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کھولی جائیں گی، 30 ستمبر کو پری پرائمری اور پرائمری کلاسز بھی بحال ہو جائیں گی۔

وزیرِ تعلیم سندھ کے مطابق تعلیمی اداروں میں طلبا، اساتذہ اور عملے کے لیے سرجیکل یا کپڑے کا ماسک پہننا لازمی ہو گا، کسی بچے کو بخار یا کھانسی ہو تو اسے اسکول نہ بھیجا جائے، بچوں کو وقفے وقفے سیہاتھ بھی دھونے ہوں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ایک دوسرے سے لنچ شیئر نہیں کرنا ہوگا، اساتذہ کو بچوں کو سماجی فاصلے کی ہدایت کرتے رہنا ہو گا۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث سندھ میں تعلیمی ادارے 27 فروری کو بند کیئے گئے تھے۔

کراچی کے ایک نجی اسکول کی پرنسپل نے اس ضمن میںبتایا کہ کورونا کی ایس اوپیز کے مطابق مکمل انتظامات کیئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ رات 10 بجے تک ہمارا اسٹاف کام کرتا رہا ہے، اسکول کے گیٹ کے اندر واک تھرو جراثیم کش گیٹ نصب کیا گیا ہے، بچوں میں سماجی فاصلہ رکھنے کے لیے نشان بنائے گئے ہیں، کوئی بچہ ماسک بھول جائے تو گیٹ پر ہی اسے ماسک دے دیا جائے گا جبکہ وہیں سینیٹائزر بھی رکھا گیا ہے۔