فرانس ،یوم دفاع اور یوم شہدا کی مناسبت سے تقریب، افواج کی قربانیوں کو اجاگر کرنے کیلئے تصاویر آویزاں

یوم دفاع بہادر مسلح افواج پاکستان کی جرات ، مضبوط ارادیت اور قربانی کے بے مثال جذبے کی علامت ہے، ناظم الامور اعجاز عزیز قاضی

بدھ 16 ستمبر 2020 14:48

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2020ء) فرانس میں یوم دفاع اور یوم شہدا کی مناسبت سے پاکستانی سفارت خانے میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان کے نئے جاری کردہ نقشے سمیت پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو اجاگر کرنے کیلئے تصاویر آویزاں کی گئیں۔ اس موقع پر مہمانوں نے شہدا کے اعزاز پھولوں کی چادر چڑھائی اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

پاکستانی سفارت خانے کے ناظم الامور اعجاز عزیز قاضی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوم دفاع پاکستان کی اہمیت اور پاکستانی عوام اور مسلح افواج کی ملک کی حفاظت کے لئے دی گئی قربانیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یوم دفاع بہادر مسلح افواج پاکستان کی جرات ، مضبوط ارادیت اور قربانی کے بے مثال جذبے کی علامت ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان امن کے لئے کھڑا ہے لیکن اسے کمزوری نہ سمجھا جائے۔

دنیا جانتی ہے کہ ہماری امن کی خواہش خطے کے لوگوں کی معاشی خوشحالی کے لئے ہے۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام پر بھارتی بربریت سے متعلق شرکا کوا?گاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔تقریب میں فرانسیسی قومی اسمبلی میں صدر فرانس پاکستان دوستی گروپ سمیت فرانسیسی مسلح افواج کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔