بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف آواز اٹھاتا رہے گا، چودھری فواد حسین

جمعہ 18 ستمبر 2020 11:49

بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے، پاکستان مقبوضہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2020ء) وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے اور پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف آواز اٹھاتا رہے گا۔ ریڈیو پاکستان کے پروگرام کرنٹ افیئر میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی خارجہ پالیسی کی تعریف کرنی چاہیے ۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے گاندھی کے بھارت کو مؤثر طریقے سے ختم کیا ہے اور ابھی بھارت فاشزم کے سوا کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے گجرات کو ایک دہشت گرد ریاست میں تبدیل کردیا تھا اور اب پورے بھارت کو ایک انتہا پسند قوم میں تبدیل کررہا ہے ۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی قیادت میں موجودہ بھارت پر بالادست ہندوتوا نظریے کا غلبہ ہے۔

(جاری ہے)

چودھری فواد حسین نے کہا کہ بھارت اپنے پڑوسیوں کے ساتھ بہترین وقت نہیں گزاررہا، نیپال اور بنگلہ دیش کے ساتھ اس کے تعلقات کشیدہ تھے اور اب حالات کی کشیدگی میں مزید اضافہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی) کی زیرقیادت حکومت نے اپنی فاشسٹ پالیسیوں کی وجہ سے بین الاقوامی محاذ پر بھارت کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتیں مودی کے نسل پرستانہ طرز عمل سے تنگ آچکی ہیں اور وہ بدحالی میں رہنے پر مجبور ہیں۔