سپریم کورٹ نے سرکاری ٹی وی کی ملازمہ نادیہ ناز ہراسگی کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا

منگل 22 ستمبر 2020 13:29

سپریم کورٹ نے سرکاری ٹی وی کی ملازمہ نادیہ ناز ہراسگی کیس کا فیصلہ محفوظ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2020ء) سپریم کورٹ نے سرکاری ٹی وی کی ملازمہ نادیہ ناز ہراسگی کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔ منگل کو جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی ۔ وکیل خاتو ن نے کہاکہ خاتون کو پریشرائز کرنے کیلئے تین مختلف شوکاز نوٹسز جاری کئے گئے۔

(جاری ہے)

وکیل خاتون نے کہاکہ دو شوکاز نوٹسز میں خاتون کو سننے کے بعد بری کردیا گیا،چھوٹے چھوٹے ایشوز پر خاتون کو دبانے کیلئے شوکاز نوٹسز جاری کردئیے گئے۔

وکیل خاتون نے کہاکہ اختیارات کا غلط استعمال کرنا بھی حراسگی کے زمرے میں آتا ہے،خاتون کر مجبور کردیا جاتا ہے۔ جسٹس مشیر عالم نے کہاکہ اگر نوٹسز جاری ہوئے تو قانون کے مطابق اپیل کے فورمز موجود ہیں۔وکیل سر کاری ٹی وی ملازمین نے کہاکہ محتسب ،صدر پاکستان اور ہائیکورٹ نے جنسی حراسگی کے موقف کو مسترد کیا۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہاکہ خاتون نے محتسب فیصلے کے خلاف اپیل نہ کر کے جنسی حراسگی نہ ہونے کے فیصلے کو تسلیم کیا ۔