بینک کا سٹاک چوری کروانے کے کیس میں نواز شریف کے چچا زاد بھائی زاہد شفیع سمیت دیگر کمپنی ڈائریکٹرز کے ناقابل ضمانت وانٹ گرفتاری جاری

جمعرات 24 ستمبر 2020 17:20

بینک کا سٹاک چوری کروانے کے کیس میں نواز شریف کے چچا زاد بھائی زاہد ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2020ء) لاہور کی بینکنگ جرائم عدالت نے بینک کا سٹاک چوری کروانے کے کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے چچا زاد بھائی زاہد شفیع سمیت دیگر کمپنی ڈائریکٹرز کے ناقابل ضمانت وانٹ گرفتاری جاری کردئیے۔ عدالت نے ایس ایچ او پولیس تھانہ گلبرگ لاہور کو نواز شریف کے کزن زاہد شفیع سمیت دیگر کو گرفتار کر کے 7 دسمبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

بینکنگ عدالت کے جج چودھری ظفر اقبال نعیم نے نجی بینک کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ زاہد شفیع، سلمان مجاہد، علی مبارک سمیت دیگر ملزمان بیرون ملک فرار ہو چکے ہیں لہٰذا قابل ضمانت وارنٹ پر عمل درآمد نہیں کیا جاسکا۔ جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بادی النظرمیں کشمیر فیڈز کے مالکان ملزمان جان بوجھ کر ملک سے فرار ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت کے روبرو درخواست میں نجی بینک کی طرف سے کشمیر فیڈز لمیٹڈ کے زاہد شفیع، سلمان مجاہد بٹ، علی مبارک اور دیگر مالکان کو فریق بنایا گیا ہے اور موقف اختیار کیا گیا کہ زاہد شفیع سمیت دیگر مالکان نے بینک سے 2007 میں قرض حاصل کیا اور 14 کروڑ 86 لاکھ 87 ہزار روپے مالیت کے سویا بین اور مکئی کے تھیلے رہن رکھوائے۔ وکیل بینک نے عدالت کو بتایا کہ کشمیر فیڈز کے مالکان نے قرض کی رقم ادائیگی سے بچنے کیلئے رہن شدہ سٹاک چوری کروا دیا، وکیل بینک نے بتایا کہ رقم کی ریکوری کیلئے ملزم زاہد شفیع سمیت دیگر مالکان کو نوٹسز بھی بھجوائے جا چکے ہیں۔

درخواستگزار بینک کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ زاہد شفیع، شہزاد جاوید، فرزانہ جاوید، عثمان جاوید اور دیگر مالکان کیخلاف فوجداری کارروائی کا حکم دیا جائے۔