جھگیاں کی معروف شخصیت حاجی جنت گل نے جنبہ سمیت مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی

پیر 28 ستمبر 2020 23:25

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2020ء) ایبٹ آباد کے علاقہ جھگیاں کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت حاجی جنت گل نے جنبہ سمیت مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی کی حمایت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ شمولیتی پروگرام میں سپیکر مشتاق غنی نے جھگیاں کیلئے ایک پرائمری سکول، پانی اور گلیوں کی پختگی سکیموں کا اعلان کیا۔

شمولیت کے موقع پر جھگیاں میں حاجی جنت گل کی رہائش گاہ پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں جھگیاں کے معززین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ حاجی جنت گل اور حاجی عزت نے اپنی برادری جنبہ گروپ سمیت تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق احمد غنی نے کہا کہ جھگیاں میرا گھر ہے، جھگیاں کے عوام مجھ سے بے پناہ محبت کرتے اور میں بھی دگنا محبت کرتا ہوں، جھگیاں کے عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں اور انشاء الله ان کے حل میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کے دروازے عوام کیلئے ہر وقت کھلے ہیں، شہر میں یونیورسٹی، سکول، کالجز، شملہ پارک، انصاف ملک پورہ پارک، جناح باغ، ریسکیو 1122، مری روڈ سمیت اربوں روپے کے ریکارڈ ترقیاتی منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچائیں ہیں اور انشاء الله ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا۔