پاکستان نے دورہ نیوزی لینڈ کی تصدیق کردی

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دو ٹیسٹ میچزماؤنٹ مانگنوئی اور کرائسٹ چرچ میں کھیلے جائیں گے

منگل 29 ستمبر 2020 15:01

پاکستان نے دورہ نیوزی لینڈ کی تصدیق کردی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 ستمبر2020ء) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل سیریز کے دو ٹیسٹ میچزماؤنٹ مانگنوئی اور کرائسٹ چرچ میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ نیوزی لینڈ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ماؤنٹ مانگنوئی میں کھیلا جانے والا باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ 26 سے 30 دسمبر تک جاری رہے گا، جس کے بعد دونوں ٹیمیں کرائسٹ چرچ میں مدمقابل آئیں گی، جہاں سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 3جنوری سے شروع ہوگا۔


فی الحال آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ کی ٹیم چوتھے اور پاکستان پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ اس وقت دونوں ٹیموں کے درمیان 14 پوائنٹس کا فرق ہے،کوئی بھی ٹیم اس سیریز میں زیادہ سے زیادہ 120 پوائنٹس حاصل کرسکتی ہے۔

(جاری ہے)

پوائنٹس ٹیبل پر بھارت (360پوائنٹس) پہلی، آسٹریلیا (296پوائنٹس) دوسری اور انگلینڈ (292پوائنٹس)تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔


آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل ان 2 ٹیسٹ میچوں سے قبل دونوں ٹیمیں 3 ٹی ٹونٹی میچوں میں مدمقابل آئیں گی۔ ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ 18 دسمبر کو آکلینڈ، دوسرا 20 دسمبرکو ہملٹن اور تیسرا 22 دسمبر کونیپئر میں کھیلا جائے گا۔

ٹی ٹونٹی کی عالمی رینکنگ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 پوائنٹس کا فرق ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم عالمی رینکنگ میں چوتھے اور نیوزی لینڈ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔

اس درجہ بندی میں آسٹریلیا (275)پہلے، انگلینڈ (271) دوسرے اور بھارت (266) تیسرے نمبرپر براجمان ہے۔

ذاکر خان، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ:

ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دورہ نیوزی لینڈمیں ہمیشہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے والا ملک ہے، جہاں اسپورٹ کرنے والے شائقین بستے ہیں، امید ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اس مرتبہ بھی دورہ نیوزی لینڈ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔



ذاکر خان نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ سیریز انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس کے بعد پاکستان کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں صرف جنوبی افریقہ کے خلاف ہی ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں، پرامید
 ہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ایونٹ کا اختتام شاندار انداز سے کرئے گئی جو اسے ٹیسٹ کرکٹ کی ایک مضبوط ٹیم بن کر سامنے لائے گا۔

ڈیوڈ وائٹ، چیف ایگزیکٹو کرکٹ نیوزی لینڈ:

نیوزی لینڈکرکٹ کے چیف ایگزیکٹوڈیوڈ ڈائٹ کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرکے ہمیشہ خوشی ہوئی ہے اورانہیں یقین ہے کہ اس مرتبہ بھی مداحوں کو ان دونوں ممالک کے درمیان ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی سیریز کا انتظارہوگا۔


 
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 1965 سے نیوزی لینڈ کا دورہ کررہی ہے اور اس دوران ماجد خان، حنیف محمد، ظہیر عباس، جاوید میانداد،عمران خان، وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے ستارے اس سرزمین پر ایکشن میں نظر آچکے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ رواں سال بھی نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والے پاکستان کے اسکواڈ میں بہت باصلاحیت اور قابل کھلاڑی شامل ہوں گے۔



سال 1965 سے اب تک نیوزی لینڈ کُل 13 ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی میزبانی کرچکا ہے۔

پاکستان کا اسکواڈ 23 نومبر کو لاہور سے نیوزی لینڈ روانہ ہوگا۔قومی اسکواڈاپنے 14 روزہ قرنطینہ کی مدت لنکولن میں مکمل کرے گا۔ اس دوران اسکواڈ کو بائیو سیکیور ببل میں رہنا ہوگا جبکہ وہ کسی کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔چودہ روزہ قرنطینہ کے بعد یہ ببل ختم ہوجائے گا۔



نیوزی لینڈ کے لیے اڑان بھرنے سے قبل قومی کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کے کوویڈ 19 ٹیسٹ لاہور میں لیے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی سینئر ٹیم کے ساتھ پاکستان شاہینز کو بھی نیوزی لینڈ کے دورہ پر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ٹیم کے کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اور سیریز کے شیڈول کا اعلان مناسب وقت پر کردیا جائے گا۔

شیڈول:

18 دسمبر: پہلا ٹی ٹونٹی میچ، آکلینڈ
20 دسمبر: دوسرا ٹی ٹونٹی میچ، ہملٹن
22 دسمبر: تیسرا ٹی ٹونٹی میچ، نیپئر
26تا 30 دسمبر: پہلا ٹیسٹ میچ، ماؤنٹ مانگنوئی
3تا7جنوری: دوسرا ٹیسٹ میچ، کرائسٹ چرچ