جڑانوالہ روڈ پر 6افراد کی لڑکی سے اجتماعی زیادتی، وزیراعلی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لے لیا

واقعے کی رپورٹ طلب کر لی، ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں، عثمان بزدار

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعرات 1 اکتوبر 2020 11:19

جڑانوالہ روڈ پر 6افراد کی لڑکی سے اجتماعی زیادتی، وزیراعلی پنجاب نے ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم اکتوبر 2020ئ) جڑانوالہ روڈ پر 6افراد کی لڑکی سے اجتماعی زیادتی، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لے لیا، وزیراعلی پنجاب نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے آر پی او سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی، انہوں نے کہا کہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں۔ لاہور کے علاقے جڑانوالہ روڈ پر تھانہ مانگٹا نوالا کے قریب لڑکی سے اجتماعی زیادتی کی گئی۔

مذکورہ مقام پر بس خراب ہونے پر سڑک پر کھڑی خاتون سے 6 کار سوار افراد نے اجتماعی زیادتی کی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کار سوار افراد نے خاتون کو لفٹ دینے کے بہانے اپنے ساتھ بٹھا لیا۔ملزمان نے خاتون زبردستی نشہ پلا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ملزمان نے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد برہنہ حالت میں چھوڑ دیا،پولیس نے واقعے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا ہے تاہم کوئی گرفتاری بھی عمل میں نہ لائی جا سکی،یہ واقعہ 24 ستمبر کو پیش آیا تھا جب کہ پولیس نے مقدمہ پانچ دن بعد درج کیا۔

(جاری ہے)

اس واقعے نے لوگوں کے رونگٹے کھڑے کر دئیے ہیں جب کہ خواتین میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔دوسری جانب تھرپارکر کے علاقے میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی 17 سالہ لڑکی نے ملزمان کی جانب سے کیس واپس لینے کے دباؤ میں آکر خودکشی کرلی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک سال قبل تھرپارکر میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی نوجوان لڑکی نے کنویں میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی ہے۔ لڑکی مٹھی کے ایک گاؤں جیلانجو تار کی رہائشی تھی۔ پولیس نے لڑکی کے ساتھ زیادتی کے مرکزی ملزم آدم دل کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق لڑکی آدم دل کے گھر کے قریب مردہ پائی گئی ہے اور لڑکی کے قدموں کے نشانات بھی اس کے گھر کے پاس دیکھے گئے ہیں۔