پاکستان کیخلاف جو زبان بھارت استعمال کرتا ہے، وہی زبان نواز شریف استعمال کرتے ہیں

قائد ن لیگ "را" کے ایجنٹ اور جیل سے بھاگے ہوئے ہیں، لیگی خاتون رہنما عظمیٰ بخاری کی ویڈیو وائرل ہوگئی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 3 اکتوبر 2020 19:59

پاکستان کیخلاف جو زبان بھارت استعمال کرتا ہے، وہی زبان نواز شریف استعمال ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اکتوبر2020ء) پاکستان کیخلاف جو زبان بھارت استعمال کرتا ہے، وہی زبان نواز شریف استعمال کرتے ہیں، قائد ن لیگ "را" کے ایجنٹ اور جیل سے بھاگے ہوئے ہیں، لیگی خاتون رہنما عظمیٰ بخاری کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی خاتون رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری کی اپنے قائد نواز شریف سے متعلق ایک پرانی ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔



عظمیٰ بخاری ماضی میں پاکستان پیپلز پارٹی کا حصہ رہیں اور اس دور میں نواز شریف پر شدید تنقید کیا کرتی تھیں۔ خاتون ایم پی اے نے کئی مرتبہ نواز شریف کو "را" کا ایجنٹ تک قرار دیا۔ اب وائرل ہونے والی پرانی ویڈیو میں عظمیٰ بخاری قائد ن لیگ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہہ رہی ہیں کہ قائد ن لیگ پاکستان کیخلاف وہی زبان استعمال کرتے ہیں جو بھارت اور بھارت کا میڈیا کرتا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا خاموش ہوگیا جبکہ اس کی جگہ نواز شریف نے پاکستان کیخلاف اس کی زبان استعمال کرنا شروع کر دی۔ عظمیٰ بخاری نے نواز شریف کو را کا ایجنٹ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ جیل سے بھی بھاگے تھے۔ عظمیٰ بخاری نے مزید الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ بہت سی باتیں ہیں جو سامنے آنی ہیں، کس کے اسامہ بن لادن کیساتھ تعلقات تھے، حدیبیہ پیپر ملز کیس اور دیگر بہت سے معاملات ہیں۔